Wednesday , August 16 2017
Home / شہر کی خبریں / بلدیات کے نتائج، ٹی آر ایس پر عوام کے اعتماد کا اظہار

بلدیات کے نتائج، ٹی آر ایس پر عوام کے اعتماد کا اظہار

کھمم میں سیاسی جماعتوں کا اتحاد مسترد، سابق رکن اسمبلی یونس سلطان کا بیان
حیدرآباد۔/9مارچ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس قائد و سابق رکن اسمبلی مسٹر یونس سلطان نے کھمم میں ٹی آر ایس کی تاریخی کامیابی بالخصوص پارٹی سے تین مسلم کارپوریٹرس کی کامیابی پر عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کھمم کی ترقی کے معاملہ میں پابند عہد رہنے کا اعلان کیا۔ مسٹر یونس سلطان نے کہا کہ کھمم میں پہلی مرتبہ ٹی آر ایس نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے مکمل اکثریت حاصل کی ہے۔ ٹی آر ایس حکومت کی بے مثال کارکردگی اور چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے کھمم کے عوام نے کھم میں کانگریس، سی پی آئی اور تلگودیشم کے غیر اخلاقی و غیر جمہوری اتحاد کو مسترد کردیا اور ٹی آر ایس کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا ہے

 

جس پر وہ کھمم کے عوام بالخصوص مسلمانوں سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ مسٹر یونس سلطان نے کہا کہ کھمم میں ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر تین مسلم امیدوار کامیاب ہوئے ہیں مزید دو یا تین مسلمانوں کو معاون ارکان بنانے کیلئے وہ اپنی جانب سے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح گریٹر حیدرآباد میں ٹی آر ایس نے کامیابی حاصل کی ہے وہی تاریخ ٹی آر ایس نے کھمم میں دہرائی ہے۔ اس کے علاوہ ٹی آر ایس نے اچم پیٹ نگر پنچایت میں 20منجملہ 20 بلدی حلقوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپوزیشن کا مکمل صفایا کردیا ہے۔ یہاں پر بھی تمام اپوزیشن جماعتوں نے اتحاد کرتے ہوئے مقابلہ کیا تھا جس کو عوام نے مسترد کردیا۔ ورنگل گریٹر میونسل کارپوریشن پر بھی ٹی آر ایس نے کامیابی کے جھنڈے لہرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے تلنگانہ میں مسلمانوں کو نظرانداز کردیا جس کی وجہ سے مسلمانوں نے کانگریس کو مسترد کردیا۔ تلگودیشم کی فرقہ پرست بی جے پی سے اتحاد کے بعد مسلمان خودبخود تلگودیشم سے دور ہوگئے۔ مسلمانوں کے پاس سوائے ٹی آر ایس کے دوسرا کوئی سیاسی متبادل نہیں ہے اور ٹی آر ایس بھی اقلیتوں کی ترقی و بہبود کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے جس سے تلنگانہ کے مسلمان مطمئن ہیں اور پوری طرح ٹی آر ایس کا ساتھ دے رہے ہیں، انتخابی نتائج اس کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے جو وعدے کئے گئے ہیں چیف منسٹر کے سی آر انہیں عملی جامہ پہنائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT