Wednesday , October 18 2017
Home / شہر کی خبریں / بلدی انتخابات کی نگرانی کیلئے مبصرین کی نامزدگی

بلدی انتخابات کی نگرانی کیلئے مبصرین کی نامزدگی

انتخابی اعلامیہ کی عنقریب اجرائی‘ ریٹرننگ آفیسرس کو عملی تربیت
حیدرآباد۔17ڈسمبر ( سیاست نیوز)  بلدی انتخابات کی نگرانی کیلئے انتخابی اتھاریٹی نے مبصرین نامزد کرنے کا اعلان کردیا ہے اور اس سلسلہ میںعہدیداروں کے ناموں کی فہرست جاری کردی گئی ہے جنہیں مبصرین کی  ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے عمل میں آرہی تیزی کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ بہت جلد اس سلسلہ میں انتخابی اعلامیہ کی اجرائی عمل میں آئے گی ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں آج 23مبصرین نامزد کئے ہیں جو کہ بلدی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے اخراجات پر نگاہ رکھیں گے جب کہ 30 جنرل مبصرین نامزد کئے گئے ہیں جن میں بیشتر آئی اے ایس آفیسر شامل ہیں ۔ بلدی انتخابات کی نگرانی کیلئے نامزد کئے گئے جنرل مبصرین میں مسٹر جی اشوک کمار ‘ مسٹر وکاس راج ‘ مسٹر بی وینکٹیشور راؤ ‘ مسٹر آر وی چندراودھن ‘ مسٹر ایم جگدیشور ‘ مسٹر سنجے کمار ‘ جناب احمد نذیر ‘ جناب عمر جلیل ‘ جناب محمد عبدالعظیم کے علاوہ دیگر آئی اے ایس عہدیدار شامل ہیں ۔ امیدواروں کے اخراجات کا جائزہ لینے اور اُس پر نگاہ رکھنے کیلئے جو مبصرین نامزد کئے گئے ہیں ان میں ضلع سطح کے عہدیدار شامل ہیں اور اُن کا ضلع محبوب نگر ‘ ورنگل ‘ حیدرآباد کے علاوہ دیگر اضلاع سے بھی تعلق ہے جو کہ یہ ذمہ داریاں نبھائیں گے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مجوزہ انتخابات کے سلسلہ میں جی ایچ ایم سی عہدیدار شب و روز تیاریوں میں مصروف ہیں ‘ تاحال انتخابی اتھاریٹی کی جانب سے ریٹرننگ آفیسر ‘ اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر کے علاوہ دیگر متعلقہ عملہ کو تربیت کی فراہمی کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے ۔ جی ایچ ایم سی انتخابات میں انتخابی اتھاریٹی کی جانب سے نامزد کردہ مبصرین کے علاوہ 20 تنظیموں کی جانب سے انتخابی عمل پر خصوصی نگاہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کسی قسم کے دباؤ یا لالچ کا شکار ہوئے بغیر آزادانہ انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے ۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی مختلف تنظیموں کی جانب سے نہ صرف آزادانہ رائے دہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے بلکہ رائے دہندوں میں شعور اُجاگر کرنے کیلئے بھی خصوصی مہم چلائی جائے گی تاکہ رائے دہی کے فیصد میں اضافہ ہوسکے ۔ جی ایچ ایم سی انتخابی شیڈول کی اجرائی سے قبل تمام متعلقہ محکمہ جات بالخصوص محکمہ پولیس ‘ محکمہ مال ‘ محکمہ تعلیم کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے ہمراہ اجلاس منعقد کرنے کا عمل شروع کردیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے بموجب مجوزہ بلدی انتخابات میں مراکز رائے دہی کے قیام کو بھی تقریباً قطعیت دے دی گئی ہے ۔ 150 بلدی ڈیویژن میں ہونے والے انتخابات میں رائے دہی کیلئے 7750 مراکز رائے دہی قائم کئے جائیں گے اور ان مراکز رائے دہی کی ویب کاسٹنگ کے ذریعہ نگرانی کی جائے گی تاکہ کسی بھی قسم کی دھاندلیوں سے پاک انتخابات کو ممکن بنایا جاسکے ۔

TOPPOPULARRECENT