بلدی انتخابات کے بعد امیدواروں میں تجسس

   

اقلیتی علاقوں میں ٹی آر ایس اور مجلس کے درمیان سخت مقابلہ متوقع

نظام آباد :24؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)بلدی انتخابات کے بعد امیدواروں میں دو دنوں سے تجسس جاری ہے اور کل رائے شماری کی جائے گی۔ شہر کے پالی ٹیکنیک کالج میں رائے شماری کیلئے مرکز قائم کیا گیا ہے۔ صبح 8 بجے سے رائے شماری کی جائے گی۔ شہر کے میونسپل کارپوریشن میں 60 ڈیویژن ہے اور 60 ڈیویژن میں 413 امیدواروں نے مقابلہ کیا تھا اصل مقابلہ ٹی آرایس،بی جے پی، مجلس اور کانگریس کے درمیان ہے۔ اکثریتی علاقہ میں تقریباً 40 ڈیویژن ہے ۔ 40 ڈیویژنوں میںکانگریس، ٹی آرایس اور بی جے پی میں مقابلہ دیکھا گیا۔ جبکہ اقلیتی علاقہ میں 20 ڈیویژن ہے ۔ 20 ڈیویژن میں ٹی آرایس، مجلس اور کانگریس میں مقابلہ دیکھا گیا ۔اقلیتی علاقہ میں ٹی آرایس اور مجلس کے درمیان سخت مقابلہ رہا ۔ چندڈیویژنوں میں سہ رخی مقابلہ رہا اور کانگریس بھی یہاں پرزبردست مقابلہ کرتے ہوئے کامیابی کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگایااور 22؍جنوری کو رائے دہی کے بعد تمام امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ بیالٹ باکس میں بند ہے۔اور شہر میں کامیابی اور ناکامی کو لیکر مختلف علاقوں میں سٹہ بازی بھی کی جارہی ہے۔ گذشتہ انتخابات میں شہر کے اقلیتی علاقہ میں واقع ڈیویژن میں مجلس کو زبردست اکثریت حاصل ہوئی تھی اور کانگریس کو دوسرا مقام حاصل ہوا تھا لیکن اس مرتبہ ٹی آرایس اور مجلس کے درمیان اصل مقابلہ رہا ہے اور مجلس اپنا سابق موقف کو بحال کرنا مشکل نظر آرہا ہے۔ کل 8 بجے سے رائے شماری ہوگی اور 12 بجے کے بعد نتائج آنا شروع ہوں گے اکثریت ٹی آرایس کو حاصل ہونے کی صورت میں ٹی آرایس کا مئیر ہوگا اور بی جے پی دوسری بڑی جماعت ہونے کی صورت میں بی جے پی کو ڈپٹی مئیر کا عہدہ حاصل ہوگا۔ جبکہ سابق میں ٹی آرایس کا مئیر تھا۔منتخب کارپوریٹرس کو 27 ؍ جنوری کے روز حلف دلایا جائیگااور ساڑھے بارہ بجے مئیر اور ڈپٹی مئیر کا انتخاب عمل میں آئیگا۔