Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / بلدی عہدیداروں کی خصوصی موبائیل اپلیکیشن مہم کے بہتر نتائج

بلدی عہدیداروں کی خصوصی موبائیل اپلیکیشن مہم کے بہتر نتائج

حیدرآباد ۔ 19 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : شہر حیدرآباد میں مجوزہ بلدی انتخابات کے پیش نظر رائے دہی کے فیصد کو بڑھانے کے لیے جاری بلدی عہدیداروں کی کوشش کامیاب ثابت ہورہی ہیں ۔ فہرست رائے دہندگان کی تکمیل کے بعد شہریوں کی سہولت کے لیے بلدیہ کی جانب سے تیار کردہ خصوصی موبائل اپلیکیشن کے بہترین نتائج حاصل ہورہے ہیں ۔ ویب سائٹ اور اپلیکیشن کے ذریعہ ووٹر سلپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت کے بعد بلدی عہدیدار کامیابی کا دعویٰ کررہے ہیں ۔ تاحال موبائل کے ذریعہ ہزاروں شہریوں نے ووٹر سلپ کو ڈاؤن لوڈ کرلیا ہے ۔ بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے الیکشن شعبہ سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ عہدیدار کے مطابق اس مرتبہ بلدی انتخابات میں ووٹر سلپ کی تقسیم بلدی عہدیداروں کی جانب سے عمل میں لائی جارہی ہے ۔ مسٹر سریندر موہن ایڈیشنل کمشنر بلدیہ نے بتایا کہ ووٹر سلپ کی گھر گھر تقسیم کے کام کا آغاز عمل میں لایا جاچکا ہے اور تاحال 2 لاکھ ووٹر سلپ کی تقسیم عمل میں لائی گئی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 30 جنوری تک تمام رائے دہندوں تک ووٹر سلپ پہونچائی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کرنے کے لیے اسکولی طلبہ سے کام لیا جارہا ہے اور 5 لاکھ اسکولی طلبہ کے ذریعہ مہم چلائی جائے گی اور اسکولس کے ہیڈماسٹرس بھی اس مہم میں شامل رہیں گے ۔ ان کے لیے رہنمایانہ خطوط بھی جاری کردئیے گئے ہیں ۔ طلبہ اقرار نامہ اپنے والدین سے حاصل کریں گے اور یہ اقرار نامہ انہیں اسکولس کے ہیڈ ماسٹرس کی جانب سے جاری کیا جائے گا ۔ شہر کی ترقی ، بہترین نظم و نسق اور پرسکون و ترقی پسند ماحول کے لیے کامیاب قیادت کے انتخاب کے لیے رائے دہی میں حصہ لینے کے لیے اقرار نامے تیار کئے گئے ہیں تاکہ رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیا جاسکے چونکہ بلدیہ کے انتخابات میں حیدرآباد 60 فیصد رائے دہی سے زیادہ رائے دہی ریکارڈ نہیں کرسکا ۔ بلدیہ کمشنر اس مرتبہ تاریخی رائے دہی کے فیصد کو ریکارڈ کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT