Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / بلدی قانون میں ترمیمات، اسمبلی میں دو سرکاری بل متعارف

بلدی قانون میں ترمیمات، اسمبلی میں دو سرکاری بل متعارف

انتخابی خرچ میں تخفیف اور شیڈول مدت میں کمی کی تجویز
حیدرآباد۔/19مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں حکومت کی جانب سے دو سرکاری بل متعارف کئے گئے جن کے ذریعہ بلدی قانون میں بعض ترمیمات کی گئی ہیں۔ وزیر پنچایت راج و بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ کی جانب سے وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے یہ بلز متعارف کئے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ایکٹ 1955 ترمیمی بل اور تلنگانہ میونسپالٹیز ایکٹ 1965 ترمیمی بل ایوان میں پیش کیا گیا۔ پہلے ترمیمی بل کے تحت ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق مجالس مقامی کے انتخابات کے انعقاد میں بعض اصلاحات تجویز کی گئی ہیں۔ انتخابی خرچ میں کمی، انتخابات کے انعقاد کے شیڈول کی مدت میں کمی کی تجویز ہے۔ ان تجاویز پر فوری طور پر عمل آوری کا فیصلہ کیا گیا۔ اس قانون کے دفعہ 36میں ترمیم کرتے ہوئے ایک امیدوار کو صرف ایک بلدی وارڈ سے مقابلہ کیلئے محدود کرنے کی تجویز ہے۔ دوسرے بل کے ذریعہ میونسپالٹیز کے حدود میں غیر مجاز تعمیرات منظورہ پلان کی خلاف ورزی جیسے اُمور کو باقاعدہ بنانے کی اجازت فراہم کی جارہی ہے۔ ان دونوں بلز پر مباحث پیر کے روز شام میں منعقد ہونے والے اسمبلی سیشن میں ہوں گے۔ اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری نے پیر کو دونوں بلز پر مباحث کا اعلان کیا۔

TOPPOPULARRECENT