Wednesday , October 18 2017
Home / پاکستان / بلوچستان میں شدید بارش ، پانچ ہلاک

بلوچستان میں شدید بارش ، پانچ ہلاک

کوئٹہ ۔ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں شدید بارش کے باعث پانچ افراد ہلاک اور درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق ہلاکتیں ضلع شیرانی میں ہوئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ تیز اور موسلادھار بارش کی وجہ سے شیرانی میں بسم اللہ نامی شخص کے گھر کی چھت گرگئی۔ چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد ہلاک ہوگئے جن میں بسم اللہ کی اہلیہ اور چار بچے شامل تھے۔ جمعرات کے روز شروع ہونے والی بارش سے بعض علاقوں میں مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ذرائع کے مطابق چاغی، خضداراور چمن میں نو سے زائد دیہات زیر آب آگئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش کی وجہ سے مجموعی طور پر 50 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ ادھر کوئٹہ میں شدید بارش کی وجہ سے سریاب کے علاقے کلی گوگڑائی میں زمین میں شگاف پڑ گیاہے۔ شگاف میں بارش کا پانی داخل ہونے کی وجہ سے قرب و جوار کے مکانات کو نہ صرف خطرہ لاحق ہوگیا ہے بلکہ بعض مکانات میں دراڑیں بھی پڑ گئی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT