Tuesday , April 25 2017
Home / پاکستان / بلوچستان : پُرتشدد واقعات میں تین افراد ہلاک

بلوچستان : پُرتشدد واقعات میں تین افراد ہلاک

نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں تین پاکستانی عہدیداروں کا اغوا اور قتل ‘ بلوچستان میں مسلسل تشددجاری
پشاور ۔ 27نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تشدد کے دو واقعات میں ایک چینی کمپنی کے دو پاکستانی سکیورٹی گارڈز سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے۔سیکورٹی گارڈز کی ہلاکت کا واقعہ ضلع گوادر میں پسنی کے علاقے کلانچ میں پیش آیا۔پسنی میں انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ کلانچ اور اس کے گردونواح میں ایک چینی کمپنی تیل اور گیس کی تلاش کا کام کررہی ہے۔ نامعلوم مسلح افراد نے کمپنی کے تین پاکستانی عہدیداروں کو اغوا کیا تھا۔اغواکئے جانے والوں میں ایک ڈرائیور اور دو سیکورٹی گارڈز شامل تھے۔مسلح افراد نے سیکورٹی گارڈز کو ہلاک کیا جبکہ ڈرائیور کو چھوڑ دیا۔انتظامیہ کے عہدیدارنے بتایا کہ ڈرائیور کا تعلق گوادر سے ہے جبکہ سیکورٹی گارڈز کا تعلق دوسرے صوبوں سے تھا۔اس واقعے کی ذمہ داری ممنوع عسکریت پسند تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی ہے۔گوادر  ایران سے متصل بلوچستان کا ساحلی ضلع ہے جو کہ انتظامی طور پر مکران ڈویڑن کا حصہ ہے۔بلوچستان میں حالات کی خرابی کے بعد سے گوادر سمیت مکران ڈویڑن کے دیگر علاقوں میں کمی و بیشی کے ساتھ بد امنی کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ایک اور شخص کی ہلاکت ضلع نصیر آباد میں بارودی سرنگ پھٹنے کی وجہ سے ہوئی۔نصیرآباد میں پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ضلع کے علاقے پھلیجی میں نامعلوم افراد نے بارودی سرنگ نصب کی تھی۔بارودی سرنگ اس وقت زوردار دھماکے سے پھٹ گئی جب ایک موٹر سائیکل اس سے ٹھکرا گئی۔دھماکے کی وجہ سے موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔نصیر آباد ڈیرہ بگٹی سے متصل ضلع ہے۔بلوچستان میں حالات کی خرابی کے بعد سے نصیر آباد کے ڈیرہ بگٹی سے متصل سرحدی علاقوں میں بارودی سرنگ کے دھماکوں کے علاوہ بد امنی کے دیگر واقعات پیش آرہے ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT