Friday , September 22 2017
Home / Top Stories / ’’بلیو وہیل چیلنج‘‘ گیم کے لنکس فوری بند کردیئے جائیں

’’بلیو وہیل چیلنج‘‘ گیم کے لنکس فوری بند کردیئے جائیں

بچوںکے خودکشی واقعات کے بعد انٹرنیٹ کمپنیوں کو حکومت کی ہدایت

نئی دہلی۔15 اگست (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے انٹرنیٹ کی بڑی کمپنیوں گوگل، فیس بک، واٹس ایپ، اِنسٹاگرام، مائیکرو سافٹ اور یاہو کو ہدایت دی ہے کہ خطرناک آن لائن گیم ’’بلیو وہیل چیلنج‘‘ کا رابطہ فوری بند کردیں۔ اس گیم کی وجہ سے ہندوستان اور دیگر کئی ممالک میں بچوں نے خودکشیاں کرلی ہیں۔ وزارت الیکٹرانکس اینڈ آئی ٹی نے تمام انٹرنیٹ کمپنیوں کو جاری کردہ مکتوب میں کہا ہے کہ ’’بلیو وہیل چیلنج‘‘ کھیلتے ہوئے بچوں کی خودکشیوں کے کئی واقعات ہندوستان میں پیش آنے کی اطلاعات ہیں لہذا تمام کمپنیاں اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے پلیٹ فارم سے اس گیم کو لنک ختم کردیا جائے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیر آئی ٹی روی شنکر پرساد کی ہدایت پر یہ مکتوب11 اگست کو جاری کیا گیا۔ ’’بلیو وہیل چیلنج‘‘ گیم ایک خودکشی گیم ہے جس میں کھیلنے والے کو بعض مخصوص ٹاسک دیئے جاتے ہیں جنہیں50 دن میں پورا کرنا ہوتا ہے اس کے بعد آخری کام خودکشی ہوتا ہے۔کھیلنے والے سے کہا جاتا ہے کہ گیم کی مختلف سطحوں کو پورا کرنے کے بعد فوٹوز شیئر کریں۔ یہ گیم سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس پر مختلف لنکس کے ذریعہ پھیلا ہوا ہے۔ اس دوران کیرالا پولیس نے16 سالہ لڑکے کی موت کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ اس کے خاندان نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ’’بلیو وہیل چیلنج‘‘ گیم کے سبب یہ موت واقع ہوئی۔ یہ طالب علم26 جولائی کو اپنے مکان میں لٹکا ہوا پایا گیا۔ والدہ نے بتایا کہ گزشتہ سال نومبر میں لڑکے نے یہ گیم ڈاؤن لوڈ کیا تھا۔ اس نے یہ بھی بتایا تھا کہ گیم کے آخری مرحلے میں ’’خودکشی‘‘ یا پھر ’’کسی کا قتل‘‘ کرنا ہوتا ہے۔ ماں نے بتایا کہ اس سے پہلے ان کا بیٹا کمپاس استعمال کرتے ہوئے ندی میں کود گیا تھا حالانکہ وہ تیرنا نہیں جانتا تھا، تاہم اسے بچا لیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT