Friday , October 20 2017
Home / دنیا / بنجامن کا امریکی صدر سے ملاقات سے انکار

بنجامن کا امریکی صدر سے ملاقات سے انکار

واشنگٹن ۔ 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وائیٹ ہاؤس نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو کی جانب سے امریکی صدر باراک اوباما کی ملاقات کی دعوت مسترد کئے جانے پر ‘حیرت’ کا اظہار کیا ہے۔ یہ ملاقات جاریہ مہینے کے اواخر کو امریکی دارلحکومت واشنگٹن میں ہونا تھی۔ امریکی نائب صدر جو بائیڈن کے دورہ اسرائیل سے پہلے صدر اوباما اور نتن یاہو کے درمیان کشیدہ تعلقات کا یہ پہلا اظہار ہے۔ صدر اوباما کے ایک معاون نے بتایا کہ اسرائیلی حکومت نے 17 یا 18مارچ کو صدر اوباما سے نتن یاہو کی ملاقات کے لئے وقت مانگا تھا جس کے جواب میں وہائٹ ہاؤس نے دو ہفتے قبل ہی تصدیق کردی تھی۔ سیکیورٹی کونسل کے ترجمان نیڈ پرائس نے ان اطلاعات کی سختی سے تردید کی کہ امریکہ نے اسرائیلی وزیر اعظم کے شیڈول میں ملاقات ایڈجسٹ کرنے سے انکار کیا تھا۔ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں بشمول امریکہ کے نیوکلیئر معاہدے پر اسرائیل نالاں ہے، تاہم اب صہیونی ریاست اس مرحلے کو خیر باد کہتے ہوئے امریکہ کے ساتھ دس سالہ دفاعی امداد کے پیکج پر مذاکرات آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ موجودہ معاہدے کے تحت امریکہ اسرائیل کو سالانہ تین ارب ڈالر امداد دیتا ہے۔ نیتن یاہو اپنے دورہ امریکہ میں اسرائیل نواز امریکن اسرائیل پبلک آفیئرز کمیٹی کے سالانہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT