Friday , August 18 2017
Home / ہندوستان / بنگلورو ایرپورٹ کو ٹیپوسلطان سے موسوم کر نے کی تجویز پر تنازعہ

بنگلورو ایرپورٹ کو ٹیپوسلطان سے موسوم کر نے کی تجویز پر تنازعہ

گریش کرناڈ کی ریمارک سے دستبرداری اور معذرت خواہی
بنگلورو ۔ 11 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلورو انٹرنیشنل ایرپورٹ کا نام بانی شہر کمپے گوڑا کی بجائے سابق حکمراں میسور ٹیپو سلطان سے موسوم کرنے کی تجویز پر تنقید و تعریض کے بعد گیان پیٹھ ایوارڈ یافتہ گریش کرناڈ نے آج معذرت خواہی کرلی ہے۔ وہ یہ تجویز پیش کرنے پر تنقیدوں کا نشانہ بن گئے تھے جس پر نامور رائٹر اور اداکار نے یہ تنازعہ ختم کرتے ہوئے کہا کہ میرے ریمارکس سے اگر کسی کے جذبات مجروح ہوتے ہیں تو میں معافی کا طلبگار ہوں اور کہا کہ میرے ان ریمارکس کا مقصد کچھ حاصل کرنا نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ صرف اپنا نقطہ نظر ظاہر کرناچاہتے تھے جس کے پس پردہ کوئی محرکات نہیں ہیں جبکہ ان کے ریمارکس پر مختلف گوشوں سے احتجاج اور تنقیدیں شروع ہوگئیں ۔ دریں اثناء چیف منسٹر سدا رامیا نے کہا کہ گریش کرناڈ کے ریمارکس کا حکومت سے کوئی سروکار نہیں ہے جس نے کل ٹیپو سلطان کی یوم پیدائش کی تقریب منعقد کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ گیان پیٹھ ایوارڈ یافتہ نے اس طرح کا ریمارک کر کے فاش غلطی کی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ طے رانگاہ کے نام کی تبدیلی کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا اور کمپے گوڑا سے موسوم کرنے کا قطعی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ سرکاری تقریب میں گریش کرناڈ نے یہ بھی متنازعہ ریمارک کیا تھا کہ اگر ٹیپو سلطان مسلم کی بجائے ہندو ہوتے تو بلند مقام و مرتبہ پانے جس طرح مہاراشٹرا میں چھترپتی شیوا جی کو حاصل ہے۔ تاہم ایرپورٹ کے نام کی تبدیلی کی تجویز پر بی جے پی ، جنتادل سیکولر اور مختلف کنڑا تنظیموں نے اعتراض کیا ہے جس میں سابق چیف منسٹر کمار سوامی اور کرناٹک فلم چیمبر آف کامرس کے صدر سارا گویندا بھی شامل ہیں۔
مشتبہ عسکریت پسند کی نعش دستیاب
سرینگر ۔ 11 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : شمالی کشمیر ضلع کپواڑہ میں آج ایک مشتبہ عسکریت پسند کی نعش دستیاب ہوئی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ شخص وادی میں شدید برفباری سے سردی میں ٹھٹھر کر مر گیا ہوگا جس کی شناخت کی کوشش جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جنگل میں تلاشی مہم کے دوران ایک نعش کے ساتھ AK اسالٹ ریفل اور گولیاں دستیاب ہوئی ہیں جب کہ جنگل میں بعض عسکریت پسند روپوش ہونے کی اطلاع پر راشٹریہ ریفلس اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے کل تلاشی مہم شروع کی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT