Friday , September 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / بنگلور کے خلاف آج کے کے آر کے بولروں کا امتحان

بنگلور کے خلاف آج کے کے آر کے بولروں کا امتحان

کولکتہ۔ 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اپنے ہی میدان میں حوصلے پست کرنے والی شکست کے بعد کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے بولروں کا کل یہاں کھیلے جانے والے مقابلے میں رائل چیلنجرس بنگلور کے طاقتور بیٹنگ شعبہ کے خلاف سخت امتحان ہوگا۔ ایڈن گارڈنس کی بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ پر جب مقابلے کا آغاز ہوگا تو میزبان بولروں کو سست آغاز کرتے ہوئے برق رفتار بیٹنگ کرنے والے کرس گیل اور خطرناک ویراٹ کوہلی کا سامنا ہوگا جس کے بعد ’’مسٹر 360‘‘ اے بی ڈی ویلیرس بھی ان کے لئے پریشان کن حالات پیدا کریں گے۔ اہم موقع پر جب جدول میں نچلی صف کی ٹیمیں بھی فتوحات حاصل کرنا شروع کرچکی ہیں تو ٹورنمنٹ کے اہم مرحلے پر سرفہرست تصور کی جانے والی کے کے آر کی صورتحال مشکل ترین ہورہی ہے، کیونکہ گزشتہ مقابلے میں ایک بہتر اسکور کرنے کے باوجود اسے گجرات کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔ گزشتہ مقابلے میں آر سی بی نے کوہلی اور گیل کے شاندار آغاز کی بدولت 76 گیندوں میں 122 رنز بنائے تھے جس میں گیل نے 38 گیندوں میں 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ٹوئنٹی 20 کے 10,000 رنز بھی مکمل کرلئے۔ ایڈن گارڈنس میں کل گیل بمقابلہ سنیل نارائن دلچسپ مرحلہ ہوگا جبکہ اننگز کے آغاز میں ہی سنیل نارائن ،گیل سے کم دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ گمبھیر کیلئے ٹیم کے اہم ترین تصور کئے جانے والے آل راؤنڈر شکیب الحسن کا فارمولہ بھی گزشتہ مقابلے میں نہیں چل پایا کیونکہ انہوں نے 10.33 کی اوسط سے رنز دیئے اور کل گیل اور ان کے ساتھیوں کے خلاف بھی شکیب کا سخت امتحان متوقع ہے۔ گجرات جس نے 10 گیندیں قبل 188 رنز کا کامیاب تعاقب کیا ہے، تو آر سی بی کا بیٹنگ شعبہ گجرات سے کہیں زیادہ طاقتور ہے۔ کے کے آر کیلئے بیٹنگ میں بھی مسائل دکھائی دے رہے ہیں جیسا کہ گزشتہ مقابلے میں سنیل نارائن کی برق رفتار کی بدولت جہاں کے کے آر نے ابتدائی 10 اوورس میں 96/1 رنز اسکور کرلئے تھے، وہیں مقررہ 20 اوورس میں وہ 187/5 رنز ہی اسکور کرپائی اور اس طرح مجموعی اسکور میں وہ 10 تا 15 رنز پیچھے رہی جس کا اعتراف ٹیم کے ہیڈ کوچ جیاک کیلس نے بھی کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT