Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / بنگلہ بولنگ کوچ کی پیشکش پر عاقب کی معذرت

بنگلہ بولنگ کوچ کی پیشکش پر عاقب کی معذرت

ڈھاکہ ، 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے عاقب جاوید کو ٹیم کے بولنگ کوچ کی پیشکش کی۔ تاہم سابق فاسٹ بولر نے عہدہ قبول کرنے سے معذرت کرلی۔ کرکٹ کی مایہ ناز ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق عاقب نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز کیلئے کام کرنا شروع کیا ہے اور فی الحال ان کیلئے کسی اور جگہ کام کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے بعد وہ مختصر مدت کیلئے بنگلہ دیشی ٹیم کے ساتھ کام کرسکتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز کے ساتھ طویل مدتی منصوبے پر کام کررہے ہیں اور اس وقت بنگلہ دیشی ٹیم کے ساتھ وابستہ نہیں ہوسکتے۔ اس سے قبل ’کرک انفو‘ کی ہی رپورٹ کے مطابق بی سی بی کے صدر نجم الحسن نے سابق پاکستانی پیسر سے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ ہم عاقب جاوید سے رابطے میں ہیں اور بورڈ کے سربراہ ناظم الدین چودھری نے ہمیں آگاہ کیا ہے کہ جلد ہی وہ حتمی جواب دیں گے کہ وہ دستیاب ہوں گے یا نہیں‘‘۔ عاقب جاوید اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طورپر کام کرچکے ہیں جہاں ان کی ٹیم نے ایشیا کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ تاہم ایشیا کپ کے بعد انہوں نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ زمبابوے کے سابق کپتان ہیتھ اسٹریک کے ساتھ معاہدے کے اختتام کے بعد بنگلہ دیش کے بولنگ کوچ کا عہدہ خالی ہے۔ عاقب نے متحدہ عرب امارات کی کوچنگ سے مستعفی ہونے کے بعد پاکستان سوپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالا ۔

TOPPOPULARRECENT