Wednesday , August 16 2017
Home / ہندوستان / بنگلہ دیشی دہشت گردمظفر نگر میں گرفتار

بنگلہ دیشی دہشت گردمظفر نگر میں گرفتار

آدھار اور پاسپورٹ حاصل کرنے میں کامیاب، دہشت گردوں کو جعلی شناختی کارڈس کی فراہمی میں مدد

لکھنؤ۔ 6اگست (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے مشتبہ دہشت گرد جس کا تعلق اسلامی انتہا پسند گروپ ’’انصاراللہ بنگلہ ٹیم‘‘ (اے بی ٹی) سے ہے، آج اترپردیش پولیس کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے مظفر نگر میں گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر جنرل اے ٹی ایس اسیم ارون نے بتایا کہ عبداللہ کو ضلع مظفر نگر کے چھرتاوال علاقہ میں کتی سرا کے مقام پر گرفتار کیا گیا۔ وہ گزشتہ ایک ماہ سے یہاں مقیم تھا۔ اس سے پہلے 2011ء سے وہ سہارن پور ضلع کے دیوبند علاقہ میں مقیم تھا۔ عبداللہ نے جعلی شناخت کی بنیاد پر آدھار کارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا اور اس نے پاسپورٹ بھی تیار کرلیا تھا۔ وہ اے بی ٹی سے تعلق رکھتا ہے اور دہشت گردوں بالخصوص بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے جعلی شناختی ثبوت تیار کیا کرتا تھا۔ اس کے علاوہ انہیں ہندوستان میں محفوظ ٹھکانے فراہم کرنے میں مدد کیا کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق اے بی ٹی بھی اسلامی انتہا پسند گروپ ’’القاعدہ‘‘ سے متاثر ہے اور اس کا ٹھکانہ بنگلہ دیش میں ہے۔ سہارن پور، مظفرنگر سے تعلق رکھنے والی اے ٹی ایس ٹیموں اور شاملی سے پولیس ٹیم نے عبداللہ کی گرفتار کے بعد تلاشی میں شروع کی۔ تفتیش کے دوران عبداللہ نے اے ٹی ایس کو بتایا کہ وہ دیوبند کے متوطن فیضان کی مدد سے جعلی شناختی ثبوت تیار کیا کرتا تھا۔ اس اطلاع کی بنیاد پر دیوبند میں فیضان کے مکان کی تلاشی لی گئی لیکن وہ وہاں موجود نہیں تھا، تاہم پولیس کو بنگلہ زبان میں جہادی لٹریچر، بموں کی تیاری سے متعلق معلومات، کلر پرنٹر اور کئی جعلی شناختی کارڈس دستیاب ہوئے۔ اسیم ارون نے بتایا کہ فیضان کا بھی اے بی ٹی سے تعلق ہونے کا پتہ چلا ہے۔

TOPPOPULARRECENT