Wednesday , April 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / بنگلہ دیشی کپتان کے سست 83 رنز

بنگلہ دیشی کپتان کے سست 83 رنز

مہدی حسن کی پہلی ٹسٹ نصف سنچری
مہمان ٹیم 322/6 ، اشون 250 وکٹوں سے ایک قدم دُور

حیدرآباد۔ 11 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دو دِنوں اور 166 اوورس کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم کو حیدرآباد میں ہندوستان کے خلاف کھیلے جارہے واحد ٹسٹ میں کسی قدر راحت حاصل ہوئی، کیونکہ شکیب الحسن اور کپتان مشفق الرحیم نے ٹیم کو مشکل صورتحال سے باہر نکالتے ہوئے کسی قدر بہتر موقف میں کھڑا کیا۔ شکیب الحسن اور مشفق الرحیم کے علاوہ نوجوان بیٹسمین مہدی حسن نے بھی اپنے ٹسٹ کریر کی پہلی نصف سنچری اسکور کرلی اور تیسرے دن کھیل کے اختتام پر مہمان ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 322 رنز اسکور کرلئے ہیں لیکن اس کے باوجود بنگلہ دیشی ٹیم کیلئے منزل ہنوز دُور ہے۔ دن کے اختتام پر مشفق الرحیم ناقابل تسخیر 81 اور مہدی حسن نے 103 گیندوں میں 10 چوکوں کی مدد سے 51 رنز اسکور کرلئے ہیں اور ان کے درمیان چھٹی وکٹ کیلئے 87 رنز کی پارٹنرشپ بن چکی ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے آج اپنے کھیل کا آغاز کل کے اسکور 41/1 سے کیا، لیکن اسے 44 رنز کے مجموعی اسکور پر ہی تمیم اقبال کا نقصان برداشت کرنا پڑا جوکہ رن آؤٹ ہوئے۔ آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے3 چوکوں کی مدد سے 24 رنز اسکور کئے۔ شکیب الحسن اور مشفق الرحیم کے وکٹ پر یکجا ہونے سے قبل بنگلہ دیشی ٹیم کو وقفہ وقفہ سے وکٹوں کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا تھا اور ایک موقع پر مہمان ٹیم صرف 109 رنز کے مجموعی اسکور پر 4 وکٹوں کے نقصان کے بعد پریشان کن صورتحال سے دوچار تھی۔ اس موقع پر شکیب الحسن اور مشفق الرحیم نے پانچویں وکٹ کیلئے 107 رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو مشکل صورتحال سے باہر نکالا۔ اس موقع پر روی چندرن اشون نے شکیب کو اومیش یادو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرواتے ہوئے اپنے کریر کی 249 وکٹ حاصل کرلی اور اب وہ تیز ترین 250 وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بننے سے صرف ایک قدم دُور ہیں۔ شکیب نے آؤٹ ہونے سے قبل 103 گیندوں میں 14 چوکوں کی مدد سے 82 رنز اسکور کرتے ہوئے میزبان بولروں پر جوابی وار کی کسی قدر بہتر کوشش کی۔ 216 رنز کے مجموعی اسکور پر شکیب کے آؤٹ ہونے کے بعد صابر رحمن زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور وہ 35 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 16 رنز بناکر جڈیجہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ 235 رنز پر چھٹی وکٹ کے نقصان کے بعد مہدی اور مشفق الرحیم نے دن کا مکمل آخری سیشن کھیلتے ہوئے میزبان بولروں کو مزید کوئی کامیابی حاصل کرنے سے باز رکھا۔ مشفق الرحیم 206 گیندوں میں 12 چوکوں کی مدد سے 81 رنز اسکور کرتے ہوئے ایک سست رفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے کے علاوہ ٹسٹ کریر میں اپنے 3,000 رنز بھی مکمل کرلئے ہیں۔ شکیب الحسن جنہوں نے گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار ڈبل سنچری اسکور کی ہے، وہ اس فارم کو یہاں حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بھی جاری رکھتے ہوئے اپنے کریر کی 21 ویں نصف سنچری اسکور کی جس کی بدولت بنگلہ دیش کو مقابلے میں واپسی کا ایک موقع ملا۔ اسپنرس کے برعکس ہندوستانی فاسٹ بولروں کے مظاہرے غیرمتوقع طور پر کافی متاثر کن رہے جیسا کہ اومیش یادو مسلسل 140 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کررہے تھے جبکہ بھونیشور کمار نے بھی اپنی کفایتی بولنگ سے متاثر کیا۔ یادو نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایشانت شرما ، اشون اور جڈیجہ نے فی کس ایک وکٹ لی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT