Thursday , May 25 2017
Home / Top Stories / بنگلہ دیش میں پراجکٹوں پر عمل آوری کیلئے 4.5 بلین ڈالر کا قرض

بنگلہ دیش میں پراجکٹوں پر عمل آوری کیلئے 4.5 بلین ڈالر کا قرض

وزرائے اعظم مودی اور شیخ حسینہ کی میٹنگ کے بعد 22 معاہدوں پر دستخط ۔ متعدد شعبوں میں ہند ۔ بنگلہ دیش تعاون
نئی دہلی 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور بنگلہ دیش نے اپنے روابط کو فروغ دینے کی کوشش میں آج لگ بھگ دو درجن معاہدوں پر دستخط کئے جو دفاع اور سیول نیوکلیر تعاون کے کلیدی شعبوں سے متعلق ہیں۔ یہ معاہدے دونوں وزرائے اعظم کے درمیان ’’ثمر آور‘‘ بات چیت کے بعد دستخط پائے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی بنگلہ دیشی ہم منصب شیخ حسینہ کے ساتھ جامع مذاکرات منعقد کئے اور دونوں ملکوں کے درمیان کلیدی شراکت داری کو مضبوط کرنے کے طریقوں پر بات ہوئی۔ اُنھوں نے بنگلہ دیش میں پراجکٹوں پر عمل آوری کے لئے 4.5 بلین امریکی ڈالر کے نئے رعایتی قرض کا اعلان بھی کیا۔ بنگلہ دیش کو ملٹری سپلائی کے لئے 500 ملین ڈالر کے اضافی قرض کا اعلان کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ یہ اُس ملک کی ضرورتوں سے مربوط رہے گا۔ تاہم تیستا آبی تقسیم کا معاہدہ دونوں ملکوں کے لئے بدستور پہونچ سے دور ہے۔ اِس معاہدہ کی تکمیل میں کافی تاخیر ہوئی ہے لیکن ابھی تک فریقین اطمینان بخش موقف اختیار نہیں کرپائے ہیں۔ مودی نے اعتراف کیاکہ یہ معاہدہ ہند ۔ بنگلہ دیش تعلقات کے لئے اہمیت رکھتا ہے اور اِس مسئلہ پر ہندوستان کی طرف سے اپنا عہد برقرار رکھنے کا تیقن دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تیستا آبی تقسیم مسئلہ کا جلد از جلد حل تلاش کیا جاسکتا ہے اور تلاش کیا جائے گا۔ اپنی محدود میٹنگ کے بعد دونوں قائدین کے ساتھ اُن کے متعلقہ وفود شامل ہوگئے۔ دونوں ملکوں کے درمیان جملہ 22 معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ دفاعی تعاون سے متعلق ایک معاہدہ پر بھی دستخط کئے گئے اور ایک معاہدہ ڈیفنس سرویسس اسٹاف کالج ویلنگٹن (نیلگری) ٹاملناڈو اور ڈیفنس سرویسس کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میرپور ، ڈھاکہ کے درمیان ہوا تاکہ اہم اور عملی اُمور میں تعاون کو بڑھایا جاسکے۔ اسی طرح ڈھاکہ اور نئی دہلی کے دفاعی اداروں کے درمیان بھی معاہدہ ہوا۔ دونوں ملکوں نے نیوکلیر توانائی کے پرامن استعمال کے لئے ایک دوسرے سے تعاون کرنے سے بھی اتفاق کیا اور اِس ضمن میں دونوں طرف کے مختلف اداروں کے درمیان معاہدہ ہوا۔ آج کی میٹنگ کے دوران انڈین کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم اور بنگلہ دیش گورنمنٹ کمپیوٹر انسیڈنٹ ریسپانس ٹیم نے بھی سائبر سکیورٹی کے شعبے میں تعاون سے اتفاق کیا۔ ہند ۔ بنگلہ دیش سرحد کے دونوں جانب سرحدی چوکیاں قائم کرنے کے بارے میں بھی دونوں ملکوں کے درمیان معاہدہ ہوا۔ باہمی عدالتی شعبے میں تعاون کے سلسلہ میں ہندوستان کی نیشنل جوڈیشیل اکیڈیمی اور سپریم کورٹ آف بنگلہ دیش نے بھی بنگلہ دیشی عدلیہ کے عہدیداروں کی ہندوستان میں تربیت کے لئے ایک معاہدہ پر دستخط کئے۔ دونوں ملکوں نے بنگلہ دیش میں 36 کمیونٹی کلینک کی تعمیر کے لئے فینانسنگ اگریمنٹ پر بھی اتفاق کیا جو ہندوستان کی جانب سے بنگلہ دیش کے لئے تیسرا قرض رہے گا۔ دیگر معاہدوں میں ماس میڈیا اور آڈیو ویژول کو پروڈکشن کے شعبہ میں تعاون کا معاہدہ شامل ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT