Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / بنگلہ دیش کی اپیل مسترد، فاسٹ بولر تسکین پر پابندی برقرار

بنگلہ دیش کی اپیل مسترد، فاسٹ بولر تسکین پر پابندی برقرار

بنگلورو ، 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے غیر قانونی بولنگ ایکشن پر پابندی کا سامنا کرنے والے بنگلہ دیشی بولر تسکین احمد پر پابندی کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ بنگلہ دیش نے آئی سی سی سے اپیل کی تھی کہ فاسٹ بولر تسکین پر سے پابندی اٹھا لی جائے۔ آج آئی سی سی کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ عدالتی کمیشن کی سماعت کے بعد کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ انٹرنیشل کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے دو بولروں آف اسپنر عرفات سنی اور فاسٹ بولر تسکین احمد کے بولنگ ایکشنز کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اُنھیں فوری طور پر بین الاقوامی کرکٹ سے معطل کر دیا تھا۔ ہندوستان میں جاری ورلڈ ٹی 20 مقابلوں کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں بنگلہ دیش اور ہالینڈ (نیدرلینڈز) کے درمیان 9 مارچ کو کھیلے گئے میچ کے بعد امپائروں نے ان دونوں بولروں کے ایکشن قواعد و ضوابط کے خلاف ہونے کے بارے میں رپورٹ دی۔ اس کے بعد 15 مارچ کو چینائی میں آئی سی سی کے منظور شدہ ٹیسٹنگ سنٹر میں اُن کے ایکشن کا معائنہ ہوا تھا۔ ایکشن کے جائزے کے بعد یہ امر سامنے آیا کہ گیند پھینکنے کے دوران اُن کا بازو مقررہ ڈگری سے زیادہ مڑتا ہے، جو آئی سی سی کے قوانین کے خلاف ہے جس کے بعد اُن کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔ تسکین احمد نے اس پابندی کے خلاف اپیل کا حق استعمال کیا اور عدالتی کمیشن سے دوبارہ جائزہ لینے کی درخواست کی تھی۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز مائیکل بیلف کی جانب سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعے سماعت ہوئی جو کئی گھنٹے تک جاری رہی اور بعدازاں پابندی کا فیصلہ برقرار رکھا گیا۔ واضح رہے کہ تسکین احمد اپنے بولنگ ایکشن کے دوبارہ جائزے کیلئے آئی سی سی سے اپیل کر سکتے ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ بنگلہ دیش کے کسی بولر کا ایکشن مشکوک قرار دیا گیا ہو۔ 2014ء میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مشکوک بولنگ ایکشن کی پاداش میں بنگلہ دیش کے آف اسپنر سوہگ غازی پر پابندی عائد کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT