Saturday , August 19 2017
Home / دنیا / بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی ضمانت منظور

بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی ضمانت منظور

ڈھاکہ ۔ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء نے آج ایک عدالت کے روبرو خودسپردگی اختیار کرلی جس کے بعد گذشتہ سال حکومت مخالف مظاہرے میں ایک بس پر مبینہ طور پر پٹرول بم حملہ میں ملوث خالدہ ضیاء کی ضمانت منظور کرلی گئی۔ دریں اثناء میٹرو پولیٹن سیشن جج کی عدالت کے ایک عہدیدار نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خالدہ ضیاء نے خودسپردگی اختیار کرتے ہوئے گرفتاری وارنٹ کے خلاف ضمانت کی درخواست داخل کی تھی۔ قدیم ڈھاکہ میں واقع میٹرو پولیٹن سیشن جج کی عدالت کی عمارت پر بی این پی ورکرس اور حامیوںکی کثیر تعداد جمع ہوگئی تھی جبکہ خالدہ ضیاء کی عدالت میں پیشی کے پیش نظر پولیس نے انتہائی چوکسی اختیار کرلی تھی۔ یاد رہے کہ صرف 6 روز قبل عدالت نے 70 سالہ خالدہ ضیاء کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا تھا۔ ان کے علاوہ دیگر 37 افراد کے خلاف بھی گرفتاری وارنٹس جاری کئے گئے تھے۔ ان سب پر یہی الزام تھا کہ انہوں نے ہجوم کو ایک بس پر پٹرول بم سے حملہ کیلئے اکسایا تھا۔ خالدہ ضیاء عوامی لیگ کی شیخ حسینہ حکومت کو برطرف کرنے ایک پرتشدد مہم چلارہی تھیں۔ جج قمرالحسن نے گذشتہ ہفتہ گرفتار وارنٹ جاری کرتے کرتے ہوئے پولیس کو حکم کی تعمیل کرنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ 27 اپریل تک اس معاملہ سے متعلق رپورٹ کا ادخال کیا جائے۔

TOPPOPULARRECENT