Thursday , April 27 2017
Home / Top Stories / بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹسٹ جیتنے آج ہندوستان کو 7 وکٹس درکار

بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹسٹ جیتنے آج ہندوستان کو 7 وکٹس درکار

پہلی اننگز میں مہمان کپتان مشفق الرحیم کی سنچری ۔ دوسری اننگز میں بنگلہ ٹیم 103/3 ۔ کامیابی کیلئے مزید 356 رنوں کی ضرورت

حیدرآباد 12 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کے خلاف جاری پہلے ٹسٹ میں میزبان ہندوستان کی ٹیم ایک بہترین کامیابی کی سمت آگے بڑھ رہی ہے جبکہ آج چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک بنگلہ دیش کی ٹیم نے دوسری اننگز میں کامیابی کیلئے درکار 459 رنوں کے نشانہ کا تعاقب کرتے ہوئے تین وکٹس کے نقصان پر 103 رن بنائے تھے ۔ اب اس کے پاس سات وکٹس باقی ہیں اور اس کا نشانہ بہت مشکل ہے ۔ ہندوستان کو بنگلہ دیش کو شکست سے دوچار کرنے سات وکٹس لینے ہونگے اور کل سارے دن کا کھیل باقی ہے ۔ بنگلہ دیش کو اب آخری دن مزید 356 رنوں کی ضرورت ہے ۔ ایسی صورتحال میں بنگلہ دیش کی ٹیم کامیابی کیلئے درکار نشانہ کا تعاقب کرنے کی بجائے دن بھر کے 90 اوورس تک بیٹنگ کرنے کو ترجیح دے سکتی ہے ۔ حالانکہ وکٹ میں جان ختم ہوگئی ہے اور اس سے بولرس کو کوئی مدد نہیں مل رہی ہے اس کے باوجود ہندوستانی ٹیم مخالف ٹیم کو پویلین بھیجنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ قبل ازیں بنگلہ دیش کی ٹیم نے آج اپنے کل کے اسکور چھ وکٹس پر 322 رنوں کے آگے آج اپنی اننگز شروع کی تھی لیکن اسے پہلے ہی اوور میں جھٹکا لگا جب اس کے بلے باز مہدی حسن میراز 51 کے انفرادی اسکور پر آٹ ہوگئے ۔ بھونیشور کمار نے انہیں بولڈ کیا ۔ کپتان مشفق رحیم ایک جانب سے وکٹ سنبھالے ہوئے تھے اور اس دوران انہوں نے اپنی سنچری مکمل کرلی ۔ وہ 127 کے اسکور پر اپنی ٹیم کے آخری بلے باز کی حیثیت سے اشون کی گیند پر آوٹ ہوئے ۔ وردھی مان ساہا نے ان کا کیچ لیا ۔ تیج الاسلام نے 10 رن بنائے تھے اور تسکین احمد آٹھ رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ تیج الاسلام کو اومیش یادو نے اور تسکین کو رویندر جڈیجہ نے آوٹ کیا۔ ہندوستان کیلئے بھونیشور کمار نے ایک ‘ ایشانت شرما نے ایک ‘ اشون نے دو ‘ اومیش یادو نے تین اور رویندر جڈیجہ نے دو وکٹس لئے ۔ ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز میں تیز رفتار 159 رنز چار وکٹس پر بنائے ۔ مرلی وجئے سات رن پر اور کے ایل راہول 10 رن پر آوٹ ہوئے ۔ تسکین احمد نے انہیں آوٹ کیا ۔ چھتیشور پجارا 58 رن بناکر اور رویندر جڈیجہ 16 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ ویراٹ کوہلی 38 اور رہانے 28 رن بنا کر آوٹ ہوئے تھے ۔ بنگلہ دیش نے چائے کے وقفہ کے بعد جب اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو وہ پرسکون انداز میں کھیل رھی تھی ۔ تاہم سومیہ سرکار کو 42 کے اسکور پر اجنکیا رہانے نے ایک ہاتھ سے کیچ کرتے ہوئے پویلین کی راہ دکھائی اور مہمان ٹیم کیلئے مشکلات میں اضافہ ہوگیا ۔ مومن الحق نے 27 رن بنائے سرکار اور مومن نے دوسری وکٹ کیلئے 60 رن جوڑے تھے ۔ سومیہ کے بعد اشون نے مومن الحق کو بھی رہانے کے ہاتھوں کیچ آوٹ کیا ۔ اس وقت بنگلہ دیش نے تین وکٹس کے نقصان پر 75 رن بنالئے تھے ۔ تاہم اس کے بعد تجربہ کار بلے باز شکیب الحسن اور محمود اللہ نے ٹیم کو مزید نقصان سے بچائے رکھا ۔ محمود اللہ نو رن بناکر اور شکیب الحسن 21 رن بناکر کھیل رہے ہیں۔ ہندوستان کیلئے دوسری اننگز میں آر اشون نے 34 رنوں کے عوض دو وکٹس حاصل کئے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT