Thursday , September 21 2017
Home / اضلاع کی خبریں / بودھن میں دو بچے دماغی بخار سے متاثر

بودھن میں دو بچے دماغی بخار سے متاثر

گندگی اور آلودہ پانی کے سبب وبائی امراض میں تیزی سے اضافہ

بودھن۔/13ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہریان بودھن ان دنوں مچھروں سے پھیلنے والے وبائی امراض سے متاثر ہورہے ہیں ۔ کثیر مسلم آبادی والے بلدی حلقہ نمبر9 اور 10میں دو بچے دماغی بخار سے اچانک شدید بخار سے متاثر ہوکر بے ہوش ہوگئے تھے جنہیں فوری نظام آباد کے ایک خانگی دواخانہ میں داخل کیا گیا جہاں بچے کی صحت مستحکم بتائی جارہی ہے اور اس طرح اس علاقہ کی ایک چھ سالہ لڑکی بھی تیز بخار سے متاثر ہوئی۔ ڈاکٹروں نے دونوں بچوں کی جانچ کے بعد دماغی بخار سے متاثر ہونے کا انکشاف کیا۔ مذکورہ بچوں کے علاوہ شہر میں ان دنوں ملیریا بخار سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہونے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ شہر میں وبائی امراض پھیلنے کی اصل وجہ شہر میں بڑھتی ہوئی گندگی اور خنزیروں کی پرورش بتائی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ تین دنوں تک نلوں کے ذریعہ سربراہ کئے گئے آلودہ پانی کا استعمال بھی بتایا جارہا ہے۔ آلودہ پانی استعمال کرنے والے بعض افراد سے قئے و دست کی شکایت کررہے ہیں۔ واضح ہو کہ واٹر سپلائی فلٹر بیڈ پر نصب کردہ برقی ٹرانسفارمر خراب ہونے کی وجہ سے پہلے دو دنوں تک نل بند رہے پانی کی سربراہی بحال ہونے کے بعد نلوں کے ذریعہ آلودہ پانی سربراہ کیا گیا۔ بعض ارکان بلدیہ نے نلوں سے آلودہ پانی کی سربراہی پر کمشنر بلدیہ کا گھیراؤ کیا ۔ بعد ازاں صاف پانی کی سربراہی بحال ہوئی۔

رقم غبن کرنے والا
اسسٹنٹ منیجر معطل
یلاریڈی۔/13ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل سدا شیو نگر مستقر کے کوآپریٹیو بینک اسسٹنٹ منیجر کشن کو معطل کرنے کے احکام ملنے کی بات بینک منیجر دھننجے نے بتائی۔ ان دنوں ارلہ بنڈا سے تعلق رکھنے والے کسان کے زرعی قرض منظور ہونے پر اس رقم کو رتن نامی شخص کے کھاتہ میں منتقل کیا گیا تھا جس پر کسان نے شکایت کی تھی اور اعلیٰ عہدیداروں نے تحقیقات کرکے زرعی قرض کی رقم دوسرے کھاتہ میں منتقل کرنے پر اسسٹنٹ منیجر کشن کو خاطی پایا اس لئے اسے معطل کردیا گیا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT