Wednesday , October 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / بولنگ میں اشون کو 9 واں ‘ بیٹنگ میں کوہلی کو 10 واں مقام

بولنگ میں اشون کو 9 واں ‘ بیٹنگ میں کوہلی کو 10 واں مقام

آئی سی سی ٹسٹ رینکنگ کی اجرائی ۔ شکھر دھون 32 ویں مقام پر پہونچنے میں کامیاب

دوبئی 16 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) بولرس کیلئے آئی سی سی ٹسٹ رینکنگ میں آف اسپنر روی چندرن اشون واحد ہندوستانی ہیں جنہوں نے ٹاپ 10 میں جگہ حاصل کی ہے ۔ اوپنر شکھر دھون نے بیٹنگ رینکنگ میں 15 مقامات کا فائدہ حاصل کرتے ہوئے اپنے کیرئیر میں اعلی ترین مقام یعنی 32 واں رینک حاصل کرلیا ہے ۔ گالے میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹسٹ کے بعد یہ رینکنگ جاری کی گئی ہے ۔ شکھر دھون نے اس ٹسٹ میں سنچری اسکور کی تھی جبکہ ٹسٹ کپتان ویراٹ کوہلی نے بلے بازوں کی رینکنگ میں 10 واں مقام حاصل کیا ہے ۔ وہ بھی ٹاپ 10 میں جگہ پانے والے واحد ہندوستانی بلے باز ہیں۔ کوہلی نے سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں 110 رنز اسکور کئے تھے ۔ اسپنر اشون نے ٹیم انڈیا کی شکست کے باوجود اس میچ میں جملہ 10 وکٹس حاصل کئے تھے

اور انہیں اس کارکردگی کی بنیاد پر تین مقامات کا فائدہ ہوا اور وہ 9 ویں مقام پر پہونچ گئے ہیں۔ ٹسٹ کے بعد سری لنکا کے کئی کھلاڑیوں کیلئے اچھی خبر رہی ہے ۔ اس میچ میں ہندوستان کو 63 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ دنیش چنڈی مل اور تھرینڈو کوشل اور رنگنا ہیرات اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنے کیرئیر کی بہترین رینکنگ پر پہونچ گئے ہیں۔ سری لنکا کے کپتان انجیلو میتھیوز نے ان ہی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو نظر میں رکھتے ہوئے کل میچ کے بعد کہا تھا کہ پوری ٹیم کی محنت نے اسے کامیابی دلائی ہے ۔ میتھیوز کو بھی اس میچ سے فائدہ ہوا ہے اور انہوں نے پہلی اننگز میں 64 اور دوسری اننگز میں 39 رنز بنائے تھے ۔ وہ ایک مقام کے فائدے کے ساتھ پانچویں نمبر پر پہونچ گئے ہیں۔ سری لنکا کے اسٹار کرکٹر کمار سنگاکارا نویں مقام پر ہیں ۔ دنیش چنڈی مل کیرئیر میں سب سے بہترین مقام پر پہونچ گئے ہیں ۔ وہ 22 مقامات کے فائدے کے ساتھ 23 ویں مقام پر پہونچ گئے ہیں۔ رنگنا ہیرات دو مقامات کے فائدے کیساتھ چھٹے مقام پر پہونچ گئے ہیں۔ اشون کو تین مقامات کا فائدہ ہوا تھا اور وہ نویں مقام پر پہونچ گئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT