Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / بچوں کو خسرہ اور روبیلا جیسے امراض سے بچایا جائے : جناب زاہد علی خاں

بچوں کو خسرہ اور روبیلا جیسے امراض سے بچایا جائے : جناب زاہد علی خاں

محکمہ صحت و خاندانی بہبود سے ٹیکہ اندازی مہم ، ایڈیٹر سیاست کے ہاتھوں پوسٹرس کا رسم اجراء
حیدرآباد۔26جولائی (سیاست نیوز) خسرہ اور روبیلا ایسی بیماریاں ہیں جو بچوں کی زندگی کو مشکل میں ڈال سکتی ہیں اور اس کے اثرات تاحیات ان پر موجود رہتے ہیں اسی لئے اس کے تدارک کیلئے دیا جانے والا ٹیکہ 9تا15سال کی عمر کے بچوں کو دلوایا جانا ضروری ہے۔مسز وی کرونا کمشنر محکمہ صحت و خاندانی بہبود نے آج جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست سے ملاقات کرتے ہوئے خسرہ اور روبیلا سے متعلق ٹیکہ اندازی مہم کے پوسٹرس کی اجرائی عمل میں لائی۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے 17اگسٹ تا 25 ستمبر ریاست بھرمیں خسرہ اور روبیلا کے ٹیکہ دیئے جائیں گے تاکہ بچوں کے مستقبل کو صحتمند بنایاجاسکے۔اس مہم کے دوران 9ماہ تا15 برس کے بچوں کو یہ ٹیکہ دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے دوران تمام کمیونیٹی سنٹرس ‘ آنگن واڑی مراکز ‘ اور سرکاری صحت مراکز کے علاوہ اسکولوں میں لگوانے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے بھی عوام سے اپیل کی کہ وہ اس ٹیکہ کے ذریعہ اپنے بچوں کے مستقبل کو صحتمند بنائیں۔پوسٹر کی رسم اجراء کے موقع پر محکمہ صحت کے دیگر عہدیداروں کے علاوہ جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست و دیگر موجود تھے۔محترمہ وی کرونانے بتایاکہ خسرہ کے مضر اثرات سے بیشتر عوام واقف ہیںلیکن روبیلا جیسی بیماری کے متعلق عوام میں شعور نہیں پایا جاتا لیکن اس بیماری کا تدارک کیا جاسکتا ہے اور سرکاری سطح پر اس کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہو ں نے بتایا کہ روبیلا سے متاثر ہونے والے مریضوں کے اعضائے رئیسہ متاثر ہونے لگتے ہیں اور ان کا علاج مشکل ترین عمل ہوجاتا ہے لیکن اگر قبل ازوقت احتیاطی طور پر یہ ٹیکہ لے لیا جائے تو اس سے بچا جاسکتا ہے۔مسز وی کرونا کے مطابق یہ بیماری زچہ سے بچہ کو بھی ہوتی ہے اور اس بیماری کے سبب بچوں کے گردے‘ پھیپھڑے‘ دل اور دیگر اعضاء کمزور ہونے لگتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ جن بچو ںکو ایم آر ، ایم ایم کا ٹیکہ دیا جا چکا ہے تو بھی اس مہم کے دوران وہ یہ ٹیکہ لے سکتے ہیں ۔خسرہ ایک وبائی مرض ہے جو بچوں کو معذور کرسکتا ہے اور بے وقت موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔اسی طرح روبیلا بھی ایک متعدی مرض ہے جس کی روک تھام ضروری ہے ۔انہوں نے ادارہ سیاست کی جانب سے لاوارث میتوں کی تدفین کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ روزنامہ سیاست کی جانب سے شروع کی جانے والی تحریک کو عوام میں زبردست مقبولیت حاصل ہوتی ہے اسی لئے اس ٹیکہ اندازی مہم کیلئے بھی ادارہ سیاست کے ذریعہ شعور بیداری ناگزیر ہے۔مسز وی کرونا نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے کئی پروگرامس کو ادارہ سیاست کی معاونت سے عوام تک پہنچایا جاسکتا ہے تاکہ عوام ان اسکیمات سے استفادہ کرسکیں اور ایک صحتمند معاشرہ کی تشکیل کو ممکن بنایا جاسکے۔جناب زاہد علی خان نے کمشنر محکمہ صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے کی گئی پیشکش کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ سیاست ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں تعاون کے لئے تیار ہے۔انہو ںنے بتایا روزانہ سیاست تعلیمی میدان میں نوجوانوں کی رہنمائی اور ترقی کیلئے مختلف پروگرامس کے ذریعہ مدد کرتا آیا ہے اور اس کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے صحتمند معاشرہ کی تشکیل کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور ان کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیمات کو ادارہ سیاست کے ذریعہ عوام تک پہنچایاجاتا رہے گا۔

TOPPOPULARRECENT