Monday , March 27 2017
Home / شہر کی خبریں / بچوں کے انٹرنیٹ استعمال پر نظر رکھنا ضروری

بچوں کے انٹرنیٹ استعمال پر نظر رکھنا ضروری

آن لائن جنسی استحصال کے بڑھتے واقعات افسوسناک: وزیرداخلہ
حیدرآباد 16 مارچ (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے کرائم انوسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) نے آج دو روزہ کانفرنس جس کا عنوان ’’بچوں کے آن لائن جنسی استحصال کی روک تھام‘‘ تھا، کا آغاز کیا۔ اس کانفرنس میں ریاستی وزیرداخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی مہمان خصوصی تھے۔ اُنھوں نے اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سریلیک کھانے کی عمر سے ہی کمسن بچوں کو سیل فون کا عادی بنایا جارہا ہے جس کے سبب بچوں کے آن لائن جنسی استحصال کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ ڈاکٹر مری چناریڈی انسٹی ٹیوٹ آف ہیومن ریسورسیس میں منعقدہ اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے مزید بتایا کہ بچوں کے جنسی استحصال کی روک تھام کے لئے ریاستی سائبر کرائم پولیس نمایاں کام کررہی ہے اور سی آئی ڈی کا بھی اس میں نمایاں رول ہے۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل آف پولیس سی آئی ڈی ڈاکٹر سومیا مشرا نے بتایا کہ انٹرنیٹ کے جدید دور میں بچوں کا انٹرنیٹ کا استعمال بیحد ضروری ہے کیوں کہ آئے دن اُن کے اسکول کے پراجکٹ انٹرنیٹ کی مدد سے تیار کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ والدین کی یہ ذمہ داری ہے کہ بچوں کے انٹرنیٹ کے استعمال پر نظر رکھیں اور آن لائن جنسی استحصال سے متعلق بھی اُنھیں آگاہ کریں۔ ڈاکٹر سومیا مشرا نے بتایا کہ گزشتہ سال بچوں کے جنسی استحصال اور اُنھیں ہراساں کئے جانے کے واقعات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جس کے پیش نظر ریاستی سی آئی ڈی اسکول انتظامیہ سے ربط کرتے ہوئے طلبہ میں شعور بیدار کرنے کیلئے تربیت دی جارہی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ اس کانفرنس کا مقصد یہ ہے کہ والدین اور بچوں کو آن لائن جنسی استحصال سے واقف کروایا جائے اور اس کی روک تھام کیلئے میڈیا اور این جی اوز کا تعاون ضروری ہے۔ اس کانفرنس میں سپریم کورٹ کے مشہور وکیل وکل شرما، مس تنش دتہ (یونیسف)، ڈاکٹر منوج شرما ، پروفیسر نم ہائنس (بنگلور)، مس سجاتا مکرجی (گوگل) اور دیگر سائبر کرائم ماہرین نے شرکت کی۔ اِس موقع پر قومی کمیشن برائے حقوق اطفال مسز سوتی ککر نے بھی خطاب کیا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT