Sunday , June 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / بگ تھری مسئلہ پر ہند۔پاک میں رسہ کشی کا امکان

بگ تھری مسئلہ پر ہند۔پاک میں رسہ کشی کا امکان

دبئی ۔19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )آئندہ ہفتے دبئی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں بگ تھری مسئلہ پر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان شدید رسہ کشی کا امکان ہے جہاں پی سی بی کا وفد اپنے حامیوں کے زور پر قرارداد کی کامیابی کیلئے بی سی سی آئی اور اس کے اتحادیوں سے مقابلہ کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا اعلیٰ سطحی وفد آئندہ ہفتے دبئی میں آئی سی سی اجلاس میں شرکت کیلئے جارہا ہے اور خبر یہ ہے کہ بی سی سی آئی نے بگ تھری کو  قائم رکھنے کیلئے اپنی دولت کے زور پر رائے عامہ ہموار کر لی ہے۔ اگرچہ چیئرمین پی سی بی شہریارخان کی کوششوں سے بگ تھری کی مخالفت میں 8 ووٹس ملے تھے اور زمبابوے نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا تھا جبکہ بنگلہ دیش نے قرارداد کی مخالفت کی تھی لیکن اس مرتبہ امکان ہے کہ اس مسئلے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حامیوں اور ہندوستان کے اتحادیوں کے درمیان زبردست زور آزمائی ہو گی اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بگ تھری کے خاتمے کیلئے پی سی بی کی کوششیں رائیگاں چلی جائیں گی جس کے بعد بگ تھری کی تلوار پاکستان اور اس فارمولے کے مخالف ملکوں کے سروں پر لٹکتی رہے گی۔ آئی سی سی بورڈ اجلاس سے قبل شہریارخان، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اجلاس کی سائیڈ لائنز پر مختلف ممالک کے بورڈ عہدیداروں سے ملاقات کر کے ان کی ممکنہ حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے تاہم ماہرین کا دعویٰ ہے کہ اس مسئلے پر پی سی بی کی قرارداد کو اس مرتبہ ناکامی کا سامنا رہے گا کیونکہ بی سی آئی نے 200ملین ڈالرز بچانے کیلئے سری لنکا کے علاوہ زمبابوے اور بنگلہ دیش کو بھی اپنے ساتھ ملا لیا ہے۔ واضح رہے کہ بگ تھری کے خاتمے کی حتمی منظوری رواں ماہ دی جانی ہے تاہم اس پر باقاعدہ عمل جون سے شروع کیا جائے گا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT