Sunday , August 20 2017
Home / ہندوستان / بھارت ماتا کی جئے کا مطلب اگر جنتا کی جئے ہے تو ایئر نعرہ لگانے تیار

بھارت ماتا کی جئے کا مطلب اگر جنتا کی جئے ہے تو ایئر نعرہ لگانے تیار

بھوپال 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر قائد منی شنکر ایئر نے آج کہاکہ اگر نعرہ بھارت ماتا کی جئے کا مطلب جنتا کی جئے ہے تو وہ اِس نعرہ کے مخالف نہیں ہیں لیکن یہ نعرہ ملک کے لئے ایک پریشان کن حیثیت اختیار کرگیا ہے۔ وہ اپنی پارٹی کے تربیتی اجلاس کے دوران علیحدہ طور پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُنھیں خاکی نیکر پہنے ہوئے افراد کے اُن سے مطالبہ کرنے کا انتظار نہیں ہے۔ ہم ایک طویل عرصہ سے بھارت ماتا کی جئے کا نعرہ لگاتے رہے ہیں۔ جئے ہند اور جئے بھارت کے ساتھ یہ نعرہ لگایا جاتا تھا۔ منی شنکر ایئر نے یاد دلایا کہ ہندوستان کے اولین وزیراعظم جواہرلال نہرو نے اپنی کتاب ڈسکوری آف انڈیا میں تحریر کیا تھا کہ دیہاتوں میں انتخابی مہم چلانے کے دوران عوام اُن کا خیرمقدم بھارت ماتا کی جئے کے نعرے سے کرتے تھے۔ نہرو نے اُن سے خواہش کی تھی کہ یہ جئے کس کے لئے ہے۔ کیا یہ ایک درخت، پہاڑ یا زمین کے لئے ہے۔ آخر میں اُنھوں نے کہا تھا کہ بھارت ماتا کی جئے کو جنتا کی جئے نعرہ سے تبدیل کردیا جائے۔ بی جے پی یا آر ایس ایس کا نام لئے بغیر ایئر نے کہاکہ اگر اُن کا مطلب بھارت ماتا کی جئے سے جنتا کی جئے ہے تو وہ یہ نعرہ لگانے کے لئے تیار ہیں۔ سبھاش چندر بوس کا حوالہ دیتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ مجاہد آزادی نے اپنے گروپ کا نام آزاد ہند فوج رکھا تھا۔ اُنھوں نے اپنے لڑاکا شعبہ کا نام سوتنتر بھارت سینا نہیں رکھا کیوں کہ وہ (بلالحاظ مذہب )جنگ آزادی میں تمام عوام کو شامل کرنا چاہتے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر یہ غنڈے زدوکوب کرنے کی دھمکی دیں تو مجھے زدوکوب کریں، میرا سر قلم کریں۔اگر میں بھارت ماتا کی جئے کا نعرہ نہ لگاؤں ۔ اُنھوں نے سوال کیاکہ آخر یہ کس قسم کی قوم پرستی ہے، اگر یہ لوگ حقیقت میں قوم پرست ہیں تو اُنھیں پنچایت راج کے ذریعہ عوام کو بااختیار بنانے کی کوشش کرنی چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT