Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / بھونگیر نعیم ،سیاستداں بننے کا آرزومند تھا …!

بھونگیر نعیم ،سیاستداں بننے کا آرزومند تھا …!

ذاتی ٹی وی چیانل شروع کرکے شہرت و تشہیر کے ساتھ ساکھ بنانے کا خواب چکنا چور
حیدرآباد 10 اگسٹ (سیاست نیوز) نکسلائیٹ سے گینگسٹر بن جانے والے محمد نعیم الدین عرف بھونگیر نعیم سرگرم سیاست میں داخل ہونے کا منصوبہ بنارہا تھا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ نعیم اپنے آبائی مقام بھونگیر سے سال 2019 ء میں عام انتخابات میں حصہ لینے کی تیاری میں تھا جس کے لئے اُس نے مالی وسائل مجتمع کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کرچکا تھا۔ حالیہ دنوں نعیم نے تنازعات کی یکسوئی میں شدت پیدا کردی تھی اور کئی اہم معاملات کو حل کرنے کے بعد دوبئی فرار ہونے کا منصوبہ بھی رکھتا تھا۔بھونگیر نعیم عوام تک پہونچنے کے لئے حیدرآباد سے ایک ٹی وی چیانل شروع کرنے کی تیاری کرلی تھی جس میں نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے ایک سینئر صحافی کی مدد حاصل کی تھی۔ ’’ایم کے‘‘ حرف کے نام سے چیانل کا آغاز کرتے ہوئے وہ اپنے آبائی مقام یعنی بھونگیر میں اپنی ساکھ کو بنانے کی تیاری میں جٹا ہوا تھا۔ معمولی نکسلائیٹ سے ڈان بن جانے والے نعیم کئی پولیس عہدیداروں اور سیاستدانوں کے لئے مددگار بن چکا تھا۔ سیاستدانوں کو مشکل حالات میں ساتھ دینے اور بعدازاں اُن کی سرپرستی حاصل کرنے میں مہارت رکھنے والے نعیم نے سرگرم سیاست میں داخل ہونے کی تیاری کرلی تھی جس کے لئے اُس نے کئی نوجوانوں پر مشتمل خانگی فوج تیار کرلی تھی اور اُنھیں اسلحہ بھی فراہم کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ نعیم اپنی سیاسی زندگی کا آغاز بھونگیر سے کرنے والا تھا جس کے لئے اُس نے کئی اقدامات کرنا شروع کردیا تھا۔ گنیش تہوار کے موقع پر کئی پنڈالوں کو مالی مدد اور مختلف درگاہوں کے عرس کے موقع پر بھی عطیات دینے میں سبقت لے چکا تھا۔ 2014 ء کے عام انتخابات میں ضلع نلگنڈہ کی سیاست میں نعیم نے اہم رول ادا کیا اور برسر اقتدار سیاسی جماعت میں حریف جماعتوں کے اہم قائدین کو شامل ہونے پر مجبور کیا تھا۔ ولی گونڈہ کے منڈل پرجا پریشد ، بھونگیر کے زیڈ پی ٹی سی اور کئی سرپنچوں جن کا تعلق کانگریس پارٹی سے تھا، برسر اقتدار پارٹی میں شامل کروایا تھا۔

ہر سیاسی قائد کی راست طور پر مدد کرنے اور اُنھیں برسر اقتدار لانے میں اہم رول ادا کرنے والے نعیم نے خود منتخبہ عوامی نمائندہ بننے کی خواہش پیدا کرلی تھی۔ اس سلسلہ میں نعیم نے دوبئی فرار ہونے اور وہاں سے اپنی مجرمانہ سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے دوبئی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے اور وہاں سے سرکاری طور ملک بدر کرنا (ڈیپوٹیشن) جیل جانے بھی تیار ہوگیا تھا تاکہ وہ انکاؤنٹر کے علاوہ انٹلی جنس ایجنسیوں کی چعلبازی سے بچا جاسکے۔ سرکاری طور پر گرفتار کئے جانے کے بعد اُس نے 2019 ء تک اہم مقدمات میں ضمانت حاصل کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی تھی۔ باوثوق ذرائع نے مزید بتایا کہ ٹی وی چیانل کا لوگو بھی تیار کیا گیا تھا تاکہ سازگار وقت میں اچانک چیانل کا آغاز کیا جاسکے۔ عوام تک پہونچنے کے لئے ٹی وی چیانل کے علاوہ اُس نے ولی گونڈہ سے نلگنڈہ تک 30 واٹر پلانٹس لگانے کی کوشش کی تھی اور بھونگیر بس اسٹانپ کے قریب اس سلسلہ میں ایک شٹر بھی تیار کیا تھا لیکن پولیس نے اُسے ناکام بنادیا۔ بھونگیر حلقہ اسمبلی میں اُس نے غریب اور مستحق عوام میں ملبوسات کی تقسیم اور اہم تہواروں میں کھانا کھلانے کا بھی اہتمام شروع کیا تھا۔ ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے سے قبل ہی پولیس نے اُسے موت کے گھاٹ اُتار دیا۔

TOPPOPULARRECENT