Monday , July 24 2017
Home / سیاسیات / بھوپال۔ اجین ریل دھماکے کی این آئی اے جانچ :راجناتھ سنگھ

بھوپال۔ اجین ریل دھماکے کی این آئی اے جانچ :راجناتھ سنگھ

سیف اللہ کی دہشت گرد تنظیم ہنوز نامعلوم : اہیر، لوک سبھا میں والد کی ستائش

نئی دہلی، 09 مارچ (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے جبڑي ریلوے اسٹیشن کے نزدیک گذشتہ 07 مارچ کو بھوپال-اجین مسافر ٹرین میں ہوئے دھماکے کی جانچ کا کام قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے ) کو سونپا جائے گا۔وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اس دھماکے کے بارے میں لوک سبھا میں آج اپنی طرف سے دیئے گئے بیان میں کہا کہ اس معاملے میں مدھیہ پردیش اور اتر پردیش کی پولیس اور مرکزی ایجنسیوں نے کوآرڈینیشن کی اچھی مثال پیش کی اور ملک کی سلامتی سے متعلق ممکنہ خطرے کو ٹالنے میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے معاملے کی جانچ پڑتال این آئی اے سے کرائی جائے گی۔ ٹرین کے جنرل ڈبے میں ہوئے دھماکے میں 10 ریلوے مسافر زخمی ہو گئے تھے ۔ اب تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔مسٹر سنگھ نے بتایا کہ اس معاملے میں اب تک چھ گرفتاریاں کی گئی ہیں۔ جانچ میں پایا گیا کہ دھماکے کے لئے آئی ای ڈی کا استعمال کیا گیا تھا۔مدھیہ پردیش پولیس نے مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ رابطہ قائم کیا جس کے بعد ہوشنگ آباد ضلع کے پپریا میں گاڑی چیکنگ کے دوران تین مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پپریا میں گرفتار مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ اور دیگر ذرائع سے ملی اطلاعات کی بنیاد پر اتر پردیش پولیس نے لکھنؤ، اٹاوہ، کانپور اور اوریا میں مختلف مقامات پر کارروائی کی۔ اتر پردیش کے انسداد دہشت گردی دستے کی طرف سے (اے ٹی ایس) لکھنؤ کے کاکوری تھانہ کے تحت حاجی کالونی واقع ایک مکان میں مشتبہ محمد سیف اللہ کے مکان کا محاصرہ کیا گیا۔ خودسپردگی سے انکار کرنے پر پولیس نے 12 گھنٹے کی مہم کے دوران انکاؤنٹر میں اسے مار گرایا۔ معاملے میں اے ٹی ایس نے کانپور، اٹاوہ اور اوریا سے بھی ایک ایک مشتبہ دہشت گرد کو بھی گرفتار کیا ہے ۔ مرکزی وزیر ہنس راج اہیر نے آج کہاکہ ابھی یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ مقتول مشتبہ دہشت گرد سیف اللہ کس دہشت گرد تنظیم سے وابستہ تھا۔ شبہ ہے کہ وہ دولت اسلامیہ کے شعبہ سے متاثر ہوا تھا۔ شبہ ہے کہ سیف اللہ کا تعلق بھوپال ۔ اجین ٹرین دھماکہ سے بھی تھا۔ وہ یوپی میں ایک انکاؤنٹر میں بعدازاں ہلاک ہوگیا تھا۔ کانپور سے موصولہ اطلاع کے بموجب مشتبہ مقتول دہشت گرد سیف اللہ کے والد محمد سرتاج نے آج پارلیمنٹ سے اظہار تشکر کیا کہ اُس نے اپنے مقتول بیٹے کی نعش تدفین کے لئے حاصل کرنے سے انکار کرنے پر اُن کی ستائش کی تھی اور کہا تھا کہ اِس سے ایک اچھا پیغام جائے گا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT