Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / بھینسہ میں اوقا ف کی سہ رکنی کمیٹی کا ہفتہ کودورہ

بھینسہ میں اوقا ف کی سہ رکنی کمیٹی کا ہفتہ کودورہ

مقامی طور پر نمائندگیوں کی سماعت اور میونسپلٹی عہدیداروں سے مشاورت
حیدرآباد ۔ 24۔ مئی (سیاست نیوز) بھینسہ میں اوقافی اراضیات کا جائزہ لینے کیلئے تین رکنی کمیٹی ہفتہ 27 مئی کو دورہ کرے گی اور مسلم قبرستانوں کی اراضی کا جائزہ لے گی ۔ وقف بورڈ کے ارکان مولانا اکبر نظام الدین اور جناب ملک معتصم خاں کے علاوہ چیف اگزیکیٹیو آفیسر ایم اے منان فاروقی، سرویئرس اور دیگر عہدیداروں کی ٹیم کے ہمراہ بھینسہ کا دورہ کریں گے۔ یہ ٹیم مقامی طور پر نمائندگیوں کی سماعت کرے گی اور میونسپلٹی کے عہدیداروں سے مشاورت کے ذریعہ وقف اراضی پر ان کی دعویداری کے حقائق کا پتہ چلانے کی کوشش کرے گی۔ وقف بورڈ کے عہدیدار بھینسہ میں مسلم قبرستانوں کی تین اراضیات کا معائنہ کریں گے اور وقف بورڈ کے ریکارڈ کے مطابق ان کی حدبندی کا تعین کیا جائے گا۔ مقامی افراد کی نمائندگیوں کی سماعت اور حقائق کا جائزہ لینے کے بعد ٹیم شام میں حیدرآباد واپس ہوگی۔ وقف بورڈ نے آئندہ اجلاس تک اس ٹیم کو اپنی رپورٹ پیش کرنے کی خواہش کی ہے ، جس کے مطابق قبرستانوں کی حدبندی کے سلسلہ میں این او سی کی اجرائی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ بھینسہ میونسپلٹی نے تین مسلم قبرستانوں کی اراضی کی حصاربندی کیلئے وقف بورڈ سے این او سی کی اجرائی کی خواہش کی ہے ۔ 3111 مربع گز پر مشتمل عبداللہ خاں قبرستان کے تحفظ کیلئے مقامی مسلمان طویل عرصہ سے جدوجہد کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس اراضی کو بھینسہ میونسپلٹی اپنی اراضی ثابت کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ وقف بورڈ کے پاس مکمل ریکارڈ موجود ہے ۔ یہ مسئلہ جب بورڈ سے رجوع ہوا تو ارکان نے متفقہ طور پر سہ رکنی ٹیم روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بھینسہ کے مسلمانوں کو وقف بورڈ کی ٹیم کی آمد کا انتظار ہے تاکہ اسے حقائق سے واقف کیا جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT