Wednesday , August 23 2017
Home / اضلاع کی خبریں / بھینسہ میں ہندو واہنی تنظیم کی احتجاجی ریالی

بھینسہ میں ہندو واہنی تنظیم کی احتجاجی ریالی

بڑے جانوروں کے سارقین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ، ڈی ایس پی کو یادداشت

بھینسہ ۔ 8 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر میں ہندو واہنی تنظیم کی قیادت میں کسان سنگم کارکنان اور ہندو نوجوانوں کی جانب سے ایک موٹر سیکل احتجاجی ریالی کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ یہ ریالی شہر کے پانڈری گلی علاقہ میں موجود مہادیو مندر کے قریب سے نکالی گئی، جس میں ہندو نوجوان سینکڑوں کی تعداد میں موٹر سیکلوں پر سوار گائے کے تحفظ سے متعلق، بڑے جانوروں کے سارقین کے خلاف کارروائی اور بڑے جانوروں کی منتقلی کے خلاف پر مبنی پلے کارڈس کو ہاتھوں میں تھامے ہوئے شہر کے پانڈری گلی، بارہ امام گلی، مارکٹ ایریا سے ہوتے ہوئے بھینسہ ڈی ایس پی آفس پہنچے، جہاں ہندو واہنی ضلعی صدرجی روی، سکریٹری یو پروین، وینو گوپال سیٹھ کے علاوہ کسان سنگم ضلعی صدر اے سنتوش، ٹاؤن صدر لنگوجی، ایس سنتوش، لکشمن، راجلنگو، راملو و دیگر نے ایک تحریری یادداشت بھینسہ ڈی ایس پی اندے راملو اور سرکل انسپکٹر اے رگھو کو دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بھینسہ ڈیویژن کے مختلف مقامات اور شہر کے کسانوں کے مکانوں کے سامنے موجود مویشیوں کے کوٹھے (مویشیوں کے گھر) سے گائے اور بڑے جانوروں کا سرقہ کرتے ہوئے سارقین کی جانب سے فروخت کیا گیا۔ ان سارقین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے کیونکہ کسانوں کے بڑے جانوروں کا سرقہ کرتے ہوئے فروخت کرکے ذبح کیا گیا۔ اس واقعہ میں ملوث کسی بھی طبقہ کے سارق ہوں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور کیفرکردار تک پہنچایا جائے جس پر بھینسہ ڈی ایس پی اندے راملو نے احتجاجیوں کو تیقن دیا کہ پولیس کی جانب سے بڑے جانوروں کے سرقہ میں ملوث سارقین کے خلاف کارروائی میں مصروف ہے، اس ضمن میں تین افراد کو گرفتار کرتے ہوئے جوڈیشیل ریمانڈ بھیج دیا گیا ہے۔ مزید سارقین کا پتہ چلانے کیلئے پولیس متحرک ہوکر مصروف تحقیقات ہے۔ بعدازاں یہ موٹر سیکل ریالی بھینسہ ڈی ایس پی دفتر سے ہوتے ہوئے ٹیپوسلطان چوک، بس اسٹانڈ شاہراہ سے بھینسہ تحصیل دفتر پہنچ کر اس ضمن میں بھینسہ ولیج ریونیو آفیسر نارائن کو ایک تحریری یادداشت پیش کی اور اس مسئلہ سے ضلع کلکٹر کو واقف کروانے اور ٹھوس اقدامات اپنانے کا مطالبہ کیا۔ اس ریالی کے پیش نظر محکمہ پولیس کی جانب سے سخت صیانتی انتظامات کرتے ہوئے ڈیویژن کے تمام سرکل انسپکٹران، سب انسپکٹران اور ضلعی سطح کے پولیس جوانوں کو طلب کرتے ہوئے بھینسہ شہر کے حساس مقامات اور اہم چوراہوں پر پولیس جوانوں کو تعینات کیا گیا تھا اور بھینسہ پولیس کی جانب سے اس موٹر سیکل ریالی کی مکمل ویڈیو گرافی بھی کی گئی۔ واضح رہیکہ گذشتہ کچھ دنوں سے سارقین کی جانب سے بھینسہ ڈیویژن اور شہر میں بڑے جانوروں کا سرقہ کرتے ہوئے فروخت کیا جارہا تھا جو اچانک منظرعام پر آنے سے پولیس کارروائی کرتے ہوئے اس سرقہ میں ملوث سارقین کو گرفتار کیا گیا جس کے پیش نظر ہندو واہنی، کسان سنگم اور ہندو نوجوانوں کی جانب سے یہ موٹر سیکل ریالی نکالی گئی۔

TOPPOPULARRECENT