Tuesday , August 22 2017
Home / اضلاع کی خبریں / بھینسہ کی عوام تلخ یادوں کو فراموش کردیں

بھینسہ کی عوام تلخ یادوں کو فراموش کردیں

عیدالاضحی اور گنیش وسرجن پرامن طریقہ سے منانے ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی کی خواہش
بھینسہ /17 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تمام مذاہب کے لوگ ایک دوسرے مذاہب کا احترام کرتے ہوئے شہر کی پرامن فضاء کو برقرار رکھنے میں پولیس اور حکومت کا تعاون کریں اور بھینسہ شہر میں ایک ہی دن آنے والے گنیش وسرجن اور عیدالاضحی کو مل جل کر منائیں ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر امکنہ و انڈومنٹ اے اندرا کرن ریڈی اور ضلع عادل آباد سپرنٹنڈ۔ٹ آف پولیس ڈاکٹر ترون جوشی نے شہر کے حساس اور اہم مقامات پر نصب کردہ سی سی ٹی وی کیمروں کے افتتاح کے موقع پر اپنے مشترکہ خطاب میں کیا ۔ ضلع ایس پی ڈاکٹر ترون جوشی نے کہا کہ بھینسہ شہر میں 25 ستمبر جمعہ کے روز آنے والے دو تہواروں گنیش وسرجن اور عیدالاضحی کے موقع پر محکمہ پولیس کی جانب سے سخت صیانتی انتظامات کئے جائیں گے اور خصوصی پولیس عملہ کو تعینات کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بھینسہ شہر کے حالات پر نظر رکھنے کیلئے شہر کے 31 اہم اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جوکہ شہرمیں تہواروں کے بعد بھی مستقل طور پر نصب رہیں گے ۔ انہوں نے شہر کی عوام کو گذشتہ کی تلخ یادوں کو فراموش کرنے اور شہر کی فضاء کو برقرار رکھنے میں پولیس سے تعاون کرنے کی گذارش کی ہے اور 25 ستمبر جمعہ کے روز گنیش وسرجن اور عیدالاضحی کے موقع پر خود بھینسہ شہر میں قیام کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی مدہول جی وٹھل ریڈی ، بھینسہ ڈی ایس پی اے راملو نے بھی عیدالاضحی اور گنیش اتسو سے مطابق اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر نرمل ریونیو ڈیویژن آفیسر شیو لنگیا ، بھینسہ سرکل انسپکٹر واسو دیو راؤ کے علاوہ شہر کے سیاسی ، سماجی قائدین ، مساجدکے صدور اور گنیش اتسو کمیٹی کے ذمہ داران کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ بعد ازاں ریاستی وزیر امکنہ و انڈومنٹ نرمل ریونیو ڈیویژن آفیسر شیو لنگیا اور حلقہ اسمبلی مدہول جی وٹھل ریڈی ڈی ایس پی آفس سے روانہ ہوگئے ۔ بعد ازاں ضلع ایس پی ڈاکٹر ترون جوشی نے بھینسہ ڈی ایس پی اے رملو اور بھینسہ سرکل انسپکٹر واسو دیو راؤ کی نگرانی میں شہر کے دونوں طبقوں کے ذمہ داران سے علحدہ علحدہ خصوصی اجلاس طلب کیا ۔ اس جلاس میں پہلے گنیش اتسو کمیٹی کے ذمہ داران گنگاریڈی ، ولاس گادیور ، میاشٹی راؤ ڈگمبر ، چننا ، گالی روی ، ناگیش اور دیگر کے ہمراہ گنیش اتسو اور سرجن کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ گنیش اتسو کے ذمہ داروں نے ڈی جے سسٹم استعمال کرنے کی اجازت کا مطالبہ کیا ۔ جس پر ضلع ایس پی نے واضح انداز میں ڈی جے سسٹم کی اجازت نہیں دی ۔ بعد ازاں شہر کے مسلم سیاسی قائدین محمد جابر احمد نائب صدرنشین بلدیہ اور اعجاز احمد خان سابقہ نائب صدرنشین بلدیہ کے علاوہ اراکین بلدیہ فیض اللہ خان ، عبدالوکیل ،مرزا ادریس بیگ ، و دیگر اور مفتی عبدالغنی قاسمی ضلعی صدر جمعیت العلماء مولانا شاہد غفران قاسمی اور مساجد کے صدر احمد حسین و دیگر سے عیدالاضحی اور جمعہ کی نماز کے اوقات اور دیگر انتظامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ جس پر مسلم طبقہ کے ذمہ داران کی جانب سے ضلع ایس پی کو تیقن دیا گیا کہ شہر میں ہونے والے دونوں تہوار کے موقع پر مسلم طبقہ کے ذمہ داران کی جانب سے مکمل تعاون کیا جائے گا اور عیدالاضحی کی نماز کے اوقات میں پہل کرتے ہوئے صبح 8 بجے نماز ادا کی جائے گی اور قربانی کے فرائض کو گنجان مسلم آبادی والے علاقوں میں ادا کیا جائے گا اور جمعہ کی نماز کے اوقات تمام مساجد میں یکساں اور جلد ادا کی جائے گی ۔

TOPPOPULARRECENT