Saturday , August 19 2017
Home / جرائم و حادثات / بہادر پورہ میں پولیس کی اچانک گھر گھر تلاشی مہم

بہادر پورہ میں پولیس کی اچانک گھر گھر تلاشی مہم

حیدرآباد ۔ /29 ڈسمبر (سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس نے بہادر پورہ علاقہ میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں کارڈن اینڈ سرچ (گھر گھر تلاشی مہم) لی جس میں 68 موٹر سائیکلس ، 28 آٹوز ، 2000 گڑمبے کے پیاکٹس کو برآمد کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر مقیم 6 میانمار کے باشندوں کو حراست میں لے لیا ۔ داعش میں شمولیت کی ناکام کوشش کرنے والے نوجوانوں کی گرفتاری ، سال نو جشن اور جی ایچ ایم سی انتخابات کے پیش نظر ساؤتھ زون پولیس نے ڈپٹی کمشنر پولیس مسٹر وی ستیہ نارائینا کی نگرانی میں علاقہ بہادر پورہ میں گھر گھر تلاشی مہم لی ۔ اس آپریشن میں 19 پولیس ٹیموں میں تین اسسٹنٹ کمشنران ، 14 انسپکٹران ، 42 سب انسپکٹران اور دیگر پولیس عملہ نے حصہ لیا ۔ اس کارروائی کے دوران پولیس نے 18 میانماری باشندوں کی نشاندہی کی جن میں 6 باشندوں کے پاس اقوام متحدہ کے کارڈس موجود نہیں تھے جس کے سبب انہیں حراست میں لے لیا گیا ۔ پولیس نے اس کارروائی میں 6 فرقہ پرست نوعیت کے روڈی شیٹرس اور رہزنوں کو بھی حراست میں لے لیا ۔ اس آپریشن کے تحت پولیس نے ایک ایسی چاکلیٹ فیکٹری کا پتہ لگایا جو مصنوعی رنگ اور نقلی اشیاء کے ذریعہ چاکلیٹس تیار کررہے تھے ۔ ڈی سی پی مسٹر ستیہ نارائینا نے بتایا کہ مقامی عوام کی جانب سے کارڈن سرچ آپریشن کیلئے ہمت افزائی کئے جانے پر یہ کارروائی کی گئی اور انہوں نے بتایا کہ اس قسم کی کارروائی پرانے شہر میں وقفہ وقفہ سے کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ جشن سال نو کے موقع پر 50 خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں جو حادثات کی روک تھام کیلئے کام کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ سال نو کے موقع پر سینکڑوں نوجوان تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے حادثہ کا شکار ہوجاتے ہیں اور ان حادثات کی روک تھام کیلئے کرنول ، سری سیلم روڈس پر انسداد حادثاتی ٹیمیں متعین کی جارہی ہیں اور/31 ڈسمبر کی شب کو دبیر پورہ ، چندرائن گٹہ اور کندیکل گیٹ کے فلائی اوورس کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT