Friday , October 20 2017
Home / Top Stories / بہار سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے قارئین سیاست میں غیر معمولی جوش

بہار سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے قارئین سیاست میں غیر معمولی جوش

حیدرآبادیوں کے جذبہ انسانیت کو جناب زاہد علی خاں کا سلام

ملبوسات کے سو سے زائد کارٹونس کی وصولی،دلہنوں کے لباس بھی عطیات میں شامل
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ساری دنیا میں حیدرآبادی اپنی شرافت انسانیت دوستی ، محبت و مروت ، جذبہ ہمدردی ، ایثار و خلوص اور مہمان نوازی کے باعث ایک منفرد و علحدہ پہچان رکھتے ہیں ۔ ضرورت مندوں و پریشان حال انسانوں کی مدد میں بھی حیدرآبادی آگے آگے رہتے ہیں ۔ ہندوستان کے کسی بھی حصہ میں سیلاب و طوفان باد و باراں آجائے زلزلہ سے لوگ متاثر ہوجائیں یا فرقہ واریت فسادات میں اپنی جان و مال سے محروم ہوجائیں تو حیدرآبادیوں کی آنکھوں سے آنسو رواں ہوجاتے ہیں ۔ ان کے دل مظلوموں کی بے بسی اور مجبوری پر رونے لگتے ہیں وہ ان کی دامے درمے سخنے مدد کے لیے دوڑ پڑتے ہیں ۔ بہار فی الوقت سیلاب سے شدید متاثر ہے ادارہ سیاست نے اپنے قارئین سے بہار خاص کر کشن گنج کے اپنے پریشان حال بھائیوں اور بہنوں کی مدد کی اپیل کی تھی جس پر نہ صرف ہندوستان بلکہ اقطاع عالم میں پھیلے ہوئے قارئین سیاست سے غیر معمولی حوصلہ افزاء ردعمل حاصل ہوا اور بہار کے پریشان حال لوگوں کے لیے 10 لاکھ روپئے مالی مدد کی پہلی قسط روانہ کی گئی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے بہار کے ممتاز سماجی جہدکار مجاہد عالم نے ربط پیدا کرتے ہوئے ملک کے دیگر علاقوں کے پریشان حال لوگوں کی جس طرح مدد کی گئی بہار سیلاب کے متاثرین کی مدد کی جائے ۔ جس پر جناب زاہد علی خاں نے اپنے قارئین سے ان مصیبت زدگان کی مدد کی اپیل کی تھی اور اللہ تعالیٰ نے لوگوں کے دلوں میں متاثرین کے لیے اس قدر رحم ڈال دیا کہ قارئین سیاست نے صرف چند دنوں میں 10 لاکھ روپئے سے زائد اس فنڈ میں جمع کروائے ۔ ایڈیٹر سیاست کی اپیل کا اثر یہ ہوا کہ شہر حیدرآباد میں ملبوسات کے مشہور و معروف شورومس نے اپنے اسٹاک کا ایک بڑا حصہ بہار سیلاب متاثرین کے لیے فراہم کیا ۔ چنانچہ آج کی تاریخ تک دفتر سیاست میں مردانی ، زنانی ، بچکانی کپڑوں کے 100 سے زائد کارٹونس جمع ہوچکے ہیں ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ان کپڑوں میں دلہنوں کے ملبوسات ( لباس عروسی ) بھی شامل ہیں ۔ اطمینان کی بات یہ ہے کہ اسی قسم کے مزید 100 تا 125 کارٹونس تیار کئے جارہے ہیں ۔ اس کار خیر میں سیاست ملت فنڈ کو فیض عام ٹرسٹ اور اس کے سکریٹری جناب افتخار حسین اور ہیلپنگ ہینڈ اور اس کے صدر ڈاکٹر شوکت علی مرزا کا بھر پور تعاون حاصل ہے ۔ جناب زاہد علی خاں نے قارئین سیاست کے اس جذبہ انسانیت کی ستائش کرتے ہوئے ان کا قلب کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سیاست نے جب بھی مصیبت زدوں کی مدد کی اپیل کی لوگ جوق درجوق مدد کے لیے دوڑ پڑے ۔ یہی وجہ ہے کہ مظلوموں و کمزوروں کی مدد پریشان حال انسانوں کا امدادی جذبہ قارئین سیاست کی پہچان بن گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوسروں کی مدد کے باعث اللہ تعالیٰ نے سرزمین دکن کے مکینوں کو خیر و برکت کے انعامات سے نوازا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT