Thursday , September 21 2017
Home / ہندوستان / بہار سیلاب ‘ 7,636 کروڑ روپئے امداد کی اپیل

بہار سیلاب ‘ 7,636 کروڑ روپئے امداد کی اپیل

پٹنہ 11 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج کہا کہ مرکزی حکومت کو ایک یادداشت روانہ کرتے ہوئے ریاست کے 19 اضلاع میںآئے سیلاب کی تباہ کاریوں پر مرکز سے 7,636 کروڑ روپئے کی مدد فراہم کرنے کی خواہش کی گئی ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اس سیلاب کے نتیجہ میں 514 جانیں تلف ہوئی ہیں اور بڑے پیمانے پر تباہی آئی ہے ۔ سرکاری ذرائع کے بموجب مرکزی حکومت نے کسی تاخیر کے بغیر فوری ریاستی حکومت کو مطلع کیا ہے کہ ایک بین وزارتی ٹیم صورتحال کا برسر موقع جائزہ لینے ریاست کا دورہ کر رہی ہے ۔ سیلاب کے نقصانات کا تخمینہ کرنے کیلئے آنے والی ٹیم کی قیادت جوائنٹ سکریٹری وزارت داخلہ مکیش متل کرینگے ۔ اس ٹیم میں زراعت و بہبودی کسان ‘ فینانس ‘ دیہی ترقیات ‘ پینے کے پانی اور صفائی ‘ روڈ ٹرانسپورٹ و ہائی ویز کے علاوہ آبی وسائل وزارتوں کے نمائندے شامل رہیں گے ۔ ہفتہ وار لوک سومدا کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف منسٹر نتیش کمار نے کہا کہ مرکزی حکومت کو ایک یادداشت روانہ کی گئی ہے اور اس سے خواہش کی گئی ہے کہ 7,636 کروڑ روپئے فراہم کئے جائیں۔ اس یادداشت میں سیلاب سے ہونے نقصانات کا تفصیلی تخمینہ پیش کیا گیا ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT