Wednesday , August 23 2017
Home / Top Stories / بہار کیلئے ایک لاکھ 25 کروڑ روپئے کے پیاکیج کا اعلان

بہار کیلئے ایک لاکھ 25 کروڑ روپئے کے پیاکیج کا اعلان

ریاست کی قسمت بدل جائے گی، وزیراعظم نریندر مودی کا جلسہ عام سے خطاب

اچھے دن…
آرا (بہار) ۔ 18 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے 2014 لوک سبھا انتخابی مہم میں بہار کیلئے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کرتے ہوئے انہوں نے آج 1.25 کروڑ روپئے کے مالی پیاکیج کا اعلان کیا ہے جس سے ریاست کی ہیئت پوری طرح بدل کر رہ جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ وہ بہار کے عوام کو جو تیقنات دے رہے ہیں اُن کی تکمیل کیلئے بہار کے دورہ پر آئے ہیں ۔ انھوں نے 1.25 لاکھ کروڑ روپئے مالیاتی پیاکیج کا بہار کیلئے اعلان کیا اور کہاکہ وہ بہار کی قسمت بدل دیں گے ۔ اُس کو ترقی کی نئی بلندیوں پر پہونچائیں گے ۔ صرف ترقی سے ہی ریاست کا فائدہ ہوسکتا ہے اور غربت کا خاتمہ بھی ممکن ہے ۔ انھوں نے ضلع ہیڈکوارٹر ٹاؤن کے مقامی رمنا میدان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ قبل ازیں نریندر مودی نے 11 پراجکٹس کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔ اس کے علاوہ 83 کیلو میٹر طویل مظفر پور ۔سونبرسا قومی شاہراہ کا افتتاح کیا ، جسے سنگل لین سے تبدیل کر کے ڈبل لین کیا گیا۔ مودی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران بہار میں انہوں نے 50 ہزار کروڑ روپئے کے پیاکیج کا وعدہ کیا تھا لیکن وزیراعظم بننے کے بعد انہیں مرکز میں حکمرانی اور یہاں کی پیچیدگیوں کا اندازہ ہوا۔ انہیں اس بات کا بھی اندازہ ہوا کہ 50 ہزار کروڑ روپئے میں ٹھوس اقدامات نہیں کئے جاسکتے۔

لہذا اب وہ 1.25 لاکھ کروڑ روپئے کا اعلان کر رہے ہیں۔ انھوں نے واضح کردیا کہ 1.25 لاکھ کروڑ روپئے کا پیاکیج جاریہ ترقیاتی پراجکٹس لاگتی 40657 کروڑ روپئے کے علا وہ ہے جن کا سابق میں اعلان کیا گیا تھا ۔ اسمبلی انتخابات میں تمام سیاسی پارٹیوں کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے ۔ بی جے پی مرکز کے ترقیاتی پیاکیج پر بہت زیادہ انحصار کررہی ہے تاکہ نتیش کمار اور لالو پرساد سے اقتدار چھین لے ۔ دونوں نے مخالف بھگوا پارٹی اتحاد قائم کیا ہے ۔ نتیش کمار پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ بہار اب ’’بیمار‘‘ ریاست نہیں ہے جیسا کہ مودی نے بہار کے سابقہ جلسہ عام میں کہا تھا ۔ انھو ںنے کہا کہ اگر یہ سچ ہے تو انھیں سب سے زیادہ خوشی ہوگی اور وہ اس کا خیرمقدم کریں گے ۔

انھوں نے سوال کیا کہ کیا کوئی صحتمند ہے تو وہ ڈاکٹر کے پاس جائے گا ۔ اگر کسی شخص کا پیٹ بھرا ہو تو کیا وہ غذا کی خواہش کرے گا ؟ انھوں نے اظہار حیرت کیا کہ ایک طرف تو نتیش کمار کہتے ہیں کہ بہار بیمار ریاست نہیں ہے اور دوسری طرف کچھ نہ کچھ مانگتے رہتے ہیں ۔ فیصلہ بہار کے عوام کے ہاتھ میں ہے ۔ مودی کے ہمراہ کئی مرکزی وزراء بھی تھے ۔ مودی نے اپنے دورۂ متحدہ عرب امارات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی حکومت نے ہندوستان میں 4.5 لاکھ کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری لانے کا تیقن دیا ہے ۔ اُن کی حکومت میک ان انڈیا اور اسکل انڈیا اقدامات کررہی ہے جو ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مشرقی ریاستوں جیسے بہار ، اڈیشہ اور مغربی بنگال کی ترقی کے بغیر ہندوستان کی ترقی ناممکن ہے اس لئے وہ ان ریاستوں کی ترقی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT