Tuesday , September 26 2017
Home / سیاسیات / بہار میں بی جے پی تحفظات پالیسی برقرار رکھے گی : امیت شاہ

بہار میں بی جے پی تحفظات پالیسی برقرار رکھے گی : امیت شاہ

اورنگ آباد (بہار)، 2 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں عظیم اتحاد کے قائدین کی مسلسل تنقیدوں کا نشانہ بننے والی بی جے پی نے آج کہا کہ وہ اس ریاست میں برسر اقتدار آنے پر تحفظات کی پالیسی تبدیل نہیں کرے گی۔ قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج ایک بار پھر توثیق کی کہ کوٹہ نظام کو بی جے پی کی تائید حاصل ہے۔ انھوں نے اپنے حریفوں کی تنقید کو اس معاملہ پر عوام کو ’’گمراہ کرنا‘‘ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی مستقل مزاجی کے ساتھ تحفظات پالیسی کی تائید کر رہی ہے۔ وہ موجودہ کوٹہ نظام میں کوئی تبدیلی کرنا نہیں چاہتی۔ وہ ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد اور جے ڈی یو کے سینئر قائد و چیف منسٹر نتیش کمار پر رائے دہندوں کو یہ کہتے ہوئے گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا کہ بی جے پی برسر اقتدار آجائے تو کوٹہ قانون برخاست کردیا جائے گا۔ بی جے پی کے قومی صدر نے عظیم اتحاد کے کہنہ مشق قائدین کو چیلنج کیا کہ وہ بہار کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کے 1.25 لاکھ کروڑ روپئے کے خصوصی پیاکیج پر ان کا رسمی شکریہ تک ادا نہ کرسکے۔ وزیر اعظم نے علاوہ ازیں بہار میں زیر تکمیل انفراسٹرکچر پراجکٹس کیلئے مزید 40 ہزار کروڑ روپئے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امیت شاہ نے کہا کہ عظیم اتحاد کے دونوں بڑے قائدین برسوں سے ان پراجکٹس کے زیر التواء رہنے کے ذمہ دار ہیں۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ صرف بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت ہی بہار کے ترقیاتی پراجکٹس پر خصوصی پیاکیج کے تحت عمل آوری کرسکتی ہے۔ امیت شاہ نے ووٹروں پر زور دیا کہ وہ این ڈی اے  کو 185 نشستوں پر کامیاب بنائیں۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کو 120 سے کم نشستیں نہیں ملنا چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT