Wednesday , March 29 2017
Home / Top Stories / بہار میں شراب کی لعنت کے خلاف انوکھا مظاہرہ

بہار میں شراب کی لعنت کے خلاف انوکھا مظاہرہ

دنیا کی سب سے بڑی انسانی زنجیر تشکیل

پٹنہ 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بہارمیں آج دنیا کی سب سے بڑی انسانی زنجیر بنائی گئی جس میں چیف منسٹر نتیش کمار، سیاسی قائدین اور شہریوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے نشہ بندی کے عہد کی تجدید کی۔ تاریخی گاندھی میدان میں 45 فٹ طویل انسانی زنجیر کا آغاز 12.15 بجے عمل میں آیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر نتیش کمار نے رنگ برنگے غبارے چھوڑے جس کا اختتام ایک بجے دن ہوا۔ ایک طرف چیف منسٹر اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے انسانی زنجیر بنائی دوسری طرف اسپیکر اسمبلی وجئے کمار چودھری نے نشہ بندی کی تائید میں عوام کے ساتھ زنجیر تشکیل دی۔ علاوہ ازیں صدرنشین قانون ساز کونسل اودیش نارائن سنگھ، ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو، صدر پردیش کانگریس اور ریاستی وزراء اشوک چودھری، این سی پی جنرل سکریٹری اور ایم پی طارق انور اور ارکان اسمبلی اور دیگر نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے انسانی زنجیر تشکیل دی جوکہ بہار کے مختلف سمتوں میں روانہ ہوگئی۔ اپوزیشن بی جے پی نے بھی نشہ بندی کی تائید میں سیوان میں انسانی زنجیر میں حصہ لیا۔ جہاں پر پارٹی کی ریاستی عاملہ کا دو روزہ اجلاس منعقد ہورہا ہے۔ انسانی زنجیر میں بی جے پی لیڈر شیل کمار مودی، مرکزی مملکتی وزیر رام کرپال یادو، اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پریم کمار، پارٹی کے قومی ترجمان شاہنواز حسین، مہاراج گنج کے ایم پی جناردھن سنگھ سنگریوال شریک تھے۔ گاندھی میدان میں چیف منسٹر لالو پرساد یادو اور دیگر قائدین بہار کے نقشہ کی شکل میں کھڑے ہوگئے اور نقشہ کے درمیان شراب کی بوتل کی ایک تصویر پر خطرہ کا نشان (کراسنگ) لگایا گیا۔ جبکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی علامت کے طور پر 4 بچوں کو روایتی ہندو، مسلم، سکھ اور عیسائی ڈریس میں چیف منسٹر اور لالو یادو کے بازو ٹہرایا گیا۔ بہار میں آج کی انسانی زنجیر میں کروڑہا لوگوں کی شمولیت کے ساتھ 11,292 کیلو میٹر کا احاطہ کیا گیا جس نے ایک نیا عالمی ریکارڈ بنایا ہے۔

قبل ازیں بنگلہ دیش میں سال 2004 میں 1050 کیلو میٹر طویل انسانی زنجیر تشکیل دی گئی تھی۔ اگرچیکہ آج کے وسیع تر پروگرام پر چیف منسٹر نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا لیکن آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے تمام سیاسی جماعتوں اور عوام سے شراب کی لعنت کے خلاف جدوجہد کی اپیل کی ہے۔ صدر پردیش کانگریس اور ریاستی وزیر اشوک چودھری جن کے محکمہ تعلیمات نے انسانی زنجیر پروگرام کا اہتمام کیا ہے، میڈیا سے کہاکہ آزادی کے بعد ملک میں یہ سب سے بڑا سماجی اجتماع تھا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT