Tuesday , October 17 2017
Home / شہر کی خبریں / بہار میں مجلس سے بی جے پی کو فائدہ،شہر کی جماعت مفاد پرست، وی ہنمنت راؤ کانگریس رکن راجیہ سبھا کا بیان

بہار میں مجلس سے بی جے پی کو فائدہ،شہر کی جماعت مفاد پرست، وی ہنمنت راؤ کانگریس رکن راجیہ سبھا کا بیان

حیدرآباد /16 ستمبر (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے صدر مجلس اسد الدین اویسی کو مفاد پرست قرار دیتے ہوئے بہار میں مقابلہ کرکے بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کا الزام عائد کیا۔ دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش کے 294 اسمبلی حلقہ جات میں مجلس نے کبھی 40 اسمبلی حلقوں پر مقابلہ نہیں کیا اور نہ ہی علحدہ تلنگانہ ریاست کے 119 حلقوں میں اتنی بڑی تعداد میں اپنے امیدوار کھڑے کئے۔ انھوں نے بتایا کہ انھیں باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ اور صدر مجلس کے درمیان ساز باز ہوئی ہے، جس کی وجہ سے فرقہ پرست بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کے لئے مجلس بہار کے اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ صدر مجلس فرقہ پرست طاقتوں سے مقابلہ کا اعلان کرکے مسلمانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں اور ووٹوں کو تقسیم کرکے بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتوں کو فائدہ پہنچا رہے ہیں، جس کی مثال مہاراشٹرا کے انتخابی نتائج ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حیدرآباد میں بی جے پی صرف ایک حلقہ تک محدود تھی، تاہم بی جے پی کی مزید چار اسمبلی حلقوں میں کامیابی کے لئے مجلس نے اہم رول ادا کیا۔ اسی طرح بنگلور کے بلدی انتخابات میں بی جے پی کو کامیاب بنانے میں مجلس نے غیر معمولی رول ادا کیا ہے۔ انھوں نے مرکزی حکومت کی جانب سے سابق وزرائے اعظم آنجہانی اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے نام پر اسٹامپس نہ شائع کرنے کے فیصلہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے حکومت کو اپنے فیصلہ سے دست بردار ہونے کا مشورہ دیا۔

TOPPOPULARRECENT