Thursday , August 24 2017
Home / Top Stories / بہار میں 57 فیصد رائے دہی ، خواتین میں جوش و خروش

بہار میں 57 فیصد رائے دہی ، خواتین میں جوش و خروش

پٹنہ  ۔ 12 اکٹوبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام )بہار اسمبلی انتخابات کا پہلا مرحلہ آج مجموعی طورپر پرامن رہا اور 49 اسمبلی حلقوں میں ایک اندازے کے مطابق 57 فیصد رائے دہندوں نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ خاتون رائے دہندوں نے مرد رائے دہندوں کو تعداد کے معاملے میں پیچھے کردیا ۔ مجموعی طورپر 2010 ء میں بہار میں 50.85 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی تھی ۔ آج جن49 نشستوں پر رائے دہی ہوئی وہ جملہ 243 نشستوں کا تقریباً 20 فیصد ہے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر اجئے نائیک نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو یہ بات بتائی ۔ انھوں نے کہا کہ تمام 10ا ضلاع میں رائے دہی اچھی رہی اور خاتون رائے دہندوں نے زیادہ تعداد میں حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ آج خاتون رائے دہندوں کا فیصد 59.5 رہا جبکہ مرد رائے دہندوں کا فیصد 54.5 تھا ۔ اس پریس کانفرنس میں ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر آر لکشمنن بھی موجود تھے۔ انھوں نے بتایا کہ رائے دہی پرامن ماحول میں ہوئی ۔ بعض مقامات سے بے قاعدگیوں بشمول جموئی میں ایل جے پی امیدوار وجئے سنگھ پر حملے کی شکایات موصول ہوئی ہیں لیکن بادی النظر میں یہ شکایات غلط تھیں۔ ریاستی صدر ایل جے پی اور پارٹی صدر رام ولاس پاسوان کے بھائی پشوپتی کمار پارس کھگرایا  سے امیدوار ہیں ۔ عمر رسیدہ مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے رائے دہی میں حصہ لیا ۔ ایک 93سالہ خاتون نے سمستی پور سے ‘ 96سالہ مرد مہیندر پرساد نے مونگیر سے ووٹ ڈالا ۔ ان کے ارکان خاندان ان کی مدد کررہے تھے ۔ دیگر دو عمر رسیدہ افراد جن کی عمریں 90سال سے زیادہ تھیں گھوڑا گاڑی میں سمستی پور انتخابی حلقہ سے ووٹ دینے آئے تھے ۔ موٹر سیکل سوار کمانڈنٹ اور فوجی اس وقت زخمی ہوگئے جب کہ ان کی گاڑی ایک جانور کو بچانے کے دوران بے قابوہوگئی ۔ انہیں صدر ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا ۔ نائیک نے بتایا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین غیرکارکرد ہونے کی تقریباً 280 شکایات موصول ہوئیں اور انھیں فوری تبدیل کردیا گیا ۔ بعض مقامات پر عوام کی جانب سے ووٹنگ کے بائیکاٹ کی اطلاع بھی موصول ہوئی ۔ انھوں بتایا کہ بھاگلپور ، بنکا اور لکھی سرائے اضلاع کے 9 پولنگ بوتھس میں یہ شکایات موصول ہوئی تھی ۔ انھوں نے آج کی رائے دہی کے بعض دلچسپ پہلوؤں کو بھی اُجاگر کیا اور بتایاکہ 108 سال خاتون مہارانی دیوی نے بیگھو سرائی میں حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔

TOPPOPULARRECENT