Wednesday , September 20 2017
Home / ہندوستان / بہار میں 8بنگلہ دیشی گرفتار

بہار میں 8بنگلہ دیشی گرفتار

دربھنگہ۔/8مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار کے ضلع دربھنگہ میں صدر پولیس اسٹیشن کے تحت ایک گاؤں سے 8بنگلہ دیشی شہریوں کو کارآمد دستاویزات کے بغیر قیام کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ ( سٹی ) ہری کشور راج نے بتایا کہ باوثوق درائع سے اطلاع ملنے پر پولیس نے محمد پور گاؤں سے 8بنگلہ دیشیوں کوگرفتار کرلیا جہاں پر وہ ایک شخص بنوری یادو کا مکان کرایہ پر لے کر گزشتہ ایک ہفتہ سے قیام پذیر تھے جبکہ وہ ہندوستان میں قیام کیلئے کارآمد دستاویزات پیش کرنے سے قاصر رہے۔ ان کی تحویل سے بنگلہ دیش میں تیار کردہ جوتے اور ملبوسات برآمد ہوئے تاہم پولیس کے دھاوے کے دوران دیگر دو بنگلہ دیشی فرار ہوگئے۔ بنگلہ دیشی شہریوں نے اپنے آپ کو مزدور اور طلباء ظاہر کرتے ہوئے بنوری یادو کا مکان کرایہ پر حاصل کیا تھا۔ صدر پولیس اسٹیشن میں گرفتار ملزمین سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔

 

صرف ایک یوم کے پیرول پر
نلنی سری ہرن کی رہائی
چینائی۔/8مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) نلنی سری ہرن جو کہ راجیو گاندھی قتل کیس میں سزائے عمر قید کاٹ رہی ہے کو مدراس ہائی کورٹ نے آج اس کے والد کے سولہویں میں شرکت کیلئے ایک دن کے پیرول کی منظوری دے دی جن کا انتقال گزشتہ ماہ ہوگیا تھا۔ نلنی نے اپنے والدکے سوگ میں شرکت کے لئے آج سے 3یوم کیلئے رخصت کی درخواست پیش کی جن کا سولہواں کل چینائی میں مقرر ہے۔ تاہم جسٹس ارمالا نے عرضی کی سماعت کے بعد صرف ایک دن کیلئے آج شام 4بجے سے کل شام 4بجے تک رخصت منظور کی ۔ انہوں نے کہا کہ نلنی کو پولیس اسکارٹ فراہم کیا جائے اور کل شام 4بجے تک جیل واپس لایا جائے۔ قبل ازیں نلنی کو اپنے والد کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے 24فبروری کو صرف 12گھنٹوں کے پیرول پر رہا کیا گیا تھا جو کہ ان دنوں ویلورو ویمنس جیل میں مقید ہے۔

TOPPOPULARRECENT