Saturday , October 21 2017
Home / سیاسیات / بہار کیلئے خصوصی پیکج پر ہنوز کوئی اطلاع نہیں : نتیش کمار

بہار کیلئے خصوصی پیکج پر ہنوز کوئی اطلاع نہیں : نتیش کمار

مرکز پر ریاستی حکومت کو اندھیرے میں رکھنے کا الزام ۔ چیف منسٹر بہار کا رد عمل
پٹنہ 17 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی قائدین کے اس ادعا کے دوران کہ وزیر اعظم نریندر مودی بہار کیلئے کل سہرسہ میں ہونے والی ریلی میں خصوصی پیکج کا اعلان کرسکتے ہیں چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کہا کہ انہیں اس پیکج کے تعلق سے کوئی نئی بات ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم وہ اس پر تبصرہ کرنے سے قبل اس کی تفصیلات جاننا چاہیں گے ۔ نتیش کمار نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے تو اس مسئلہ پر وفاقی اشتراک کو ختم کردیا گیا ہے اور ریاستی حکومت کو اس تعلق سے اندھیرے میں رکھا گیا جبکہ بی جے پی کیقائدین وزیر اعظم کے خصوصی پیکج کے تعلق سے بیانات دے رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے اس تعلق سے اب تک جو کچھ سنا ہے اس میں کچھ بھی نہیں نہیں ہے ۔ میڈیا کی اطلاعات کے بموجب بی جے پی قائدین بشمول سشیل کمار مودی یہ واضح کر رہے ہیں کہ وزیر اعظم کل سہرسہ میں ہونے والی ریلی میں بہار کیلئے 56,000 کروڑ روپئے کے خصوصی پیکج کا اعلان کرینگے ۔ نتیش کمار نے کہا کہ انہیں ابھی تک اس خصوصی پیکج کے تعلق سے کوئی اطلاع نہیں ہے اور اس تعلق سے تفصیل جاننے کے بعد ہی وہ کوئی تبصرہ کرینگے ۔ نتیش کمار نے کہا کہ وہ پروٹوکول کی پابندی کرینگے اور وزیر اعظم کا استقبال کرنے پٹنہ ائرپورٹ جائیں گے ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ وہ آرا میں موجود نہیں رہیں گے جہاں وزیر اعظم نیشنل ہائی ویز کی سڑکوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ روڈ کنسٹرکشن محکمہ کے وزیر راجیو رنجن سنگھ للن کل کے پروگرام میں ریاستی حکومت کی نمائندگی کرینگے ۔ انہوں نے بتایا کہ بکسر سے پٹنہ تک چار رخی سڑک کا جو سنگ بنیاد وزیر اعظم مودی کل رکھنے والے ہیںاس کی منظوری سابقہ یو پی اے حکومت کی جانب سے دی گئی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT