Thursday , October 19 2017
Home / ہندوستان / بہار کی پسماندگی کیلئے نتیش ‘ لالو ذمہ دار: راجناتھ

بہار کی پسماندگی کیلئے نتیش ‘ لالو ذمہ دار: راجناتھ

کٹیہار ( بہار ) 2 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج بہار کی پسماندگی کیلئے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو اور موجودہ چیف منسٹر نتیش کمار کو ذمہ دار قرار دیا ہے ۔ انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ ریاست کو ترقی کی راہ پر لانے کیلئے آئندہ پانچ سال کیلئے این ڈی اے کو موقع دیں۔ براری میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اگر بہار دوسری ریاستوں سے سڑکو ‘ تعلیم ‘ صحت اور زرعی انفرا اسٹرکچر کے معاملہ میں پیچھے ہے تو اس کیلئے لالو پرساد یادو اور نتیش کمار جوابدہ ہیں جنہوں نے ریاست پر گذشتہ ربع صدی سے حکمرانی کی ہے ۔ سینئر بی جے پی لیڈر نے نتیش کمار کا مضحکہ اڑایا کہ وہ ترقی کے نام پر ووٹ حاصل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے ایسا کرنے میں ان کے جواز پر سوال کیا اور کہا کہ وہ اپنے ایک دہے طویل اقتدار میں ریاست کی بہتری کیلئے کچھ بھی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے بہار کے چیف منسٹر پر الزام عائد کیا کہ وہ ترقیاتی امور سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے ذات پات کی اور فرقہ وارانہ سیاست کر رہے ہیں۔ بی جے پی زیر قیادت اتحاد چاہتا ہے کہ ریاست سے ذات پات کی سیاست اور فرقہ واریت کو ختم کیا جائے اور ریاست کو ترقی کی راہ پر لایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گجرات ‘ مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ جیسی ریاستوں میں ترقی کو یقینی بنانے کا بی جے پی کا بہترین تجربہ ہے ۔ انہوںنے بہار کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ اگر وہ چاہتے ہیں کہ بہار کو ترقی دی جائے اور یہاں کے عوام کی امیدوں کو پورا کیا جائے تو پھر انہیں چاہئے کہ وہ این ڈی اے کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔

TOPPOPULARRECENT