Sunday , October 22 2017
Home / دنیا / بہار کے نتائج ۔ بی جے پی کے منہ پر طمانچہ : امریکی میڈیا

بہار کے نتائج ۔ بی جے پی کے منہ پر طمانچہ : امریکی میڈیا

واشنگٹن ۔ 9 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : امریکہ کے ایک سیاسی تجزیہ نگار نے ہندوستان کی ریاست بہار میں منعقدہ انتحابات میں جے ڈی ( یو ) اور آر جے ڈی اتحاد کی زبردست کامیابی کو بی جے پی کی گذشتہ دیڑھ سال کی کارکردگی پر ایک طمانچہ سے تعبیر کیا اور کہا کہ عوام نے ثابت کردیا ہے کہ وہ نفرت کی سیاست نہیں چاہتے اور اس طرح انتخابات کے نتائج نے وزیر اعظم نریندر مودی کے سیاسی موقف کو زبردست نقصان پہنچایا ہے ۔ یونیورسٹی آف مشن گن میں مارکیٹنگ کے پروفیسر پونیت منچندا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں عام آدمی پارٹی کی کامیابی کے برعکس بہار انتخابات کے نتائج نے یہ ظاہر کردیا ہے کہ عوام نے راست طور پر بی جے پی کی منفی پالیسیوں کو مسترد کردیا اور اس طرح بہار جیسی بڑی ریاست بی جے پی کے ہاتھ سے نکل جانا خود پارٹی کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات کے غبارہ میں سے ہوا نکل گئی ہے جو دراصل آہستہ آہستہ مثبت موقف اختیار کررہے تھے ۔ اس کامیابی نے ایک بات اور ثابت کردی کہ حکمران جماعت کے خلاف اتحاد بنا کر ہی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے کیوں کہ ملک میں فی الحال بی جے پی سے ٹکر لینے کسی بھی سنگل پارٹی کے پاس جرات نہیں ہے ۔ بہار اسمبلی میں 243 نشستیں ہیں اور ان میں سے عظیم اتحاد کو 178 نشستوں پر کامیابی ملی ہے جب کہ بی جے پی کو صرف 58 نشستوں پر اکتفا کرنا پڑا ۔ اس وقت امریکی میڈیا میں بھی مودی کی شرمناک شکست کی خبریں شہ سرخیوں میں ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT