Tuesday , May 23 2017
Home / شہر کی خبریں / بہترین اخلاق و عادات کے ذریعہ خاندان و معاشرہ کی تعمیر و تشکیل ممکن

بہترین اخلاق و عادات کے ذریعہ خاندان و معاشرہ کی تعمیر و تشکیل ممکن

ایم جی اے کے تعارف اسلام کلاس میں محترمہ روحی خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( راست ) : اللہ تعالیٰ نے رشتہ داروں ، یتیم و یسیر لوگوں کی کفالت ، ان کے ساتھ رحم و شفقت کا معاملہ ، غریبوں ، محتاجوں اور فاقہ کشوں اور مہاجروں کی مدد اور تعاون کو افضل ترین قرار دیا ہے ۔ اللہ کے دین کو اللہ کے بندوں تک پہنچانے کی جدوجہد میں اپنی زندگیوں کو لگانے کی اسلام نے بار بار تاکید کی ہے اور ایک مسلمان کی پوری زندگی کو بندگی میں ڈھالنے کا اسلام نے دوٹوک اور واضح حکم دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ روحی خاں نے مسلم گرلز اسوسی ایشن کی جانب سے عنبر پیٹ ، آزاد نگر میں جاری تعارف اسلام کلاس میں طالبات و خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ اللہ تعالیٰ نے کسی بھی انسان کو تنہا اور اکیلا نہیں چھوڑا بلکہ ہر ایک کا دکھ ، درد اور محتاجی و مجبوری کو دور کرنے کے لیے قرآن کریم کے اصول و ضوابط کے ذریعہ رہنمائی کی ، جو ہر مسلمان کے لیے مشعل راہ ہے ۔ جس سے کسی بھی انسان کے حقوق کی حق تلفی نہیں ہوتی ۔ ہر مسلمان کو دوسرے مسلمان بھائی کا ذمہ دار ٹھہرادیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے تمام مسلمانوں پر یہ بنیادی ذمہ داری عائد کی ہے کہ وہ لوگوں کو نیکیوں کا حکم دیں اور برائیوں سے روکیں ۔ مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ نیک بنے ، سلام کا جواب دے ، عیب پوشی کرے ، بڑوں کی تعظیم کرے ، برائی کرنے والے کے ساتھ بھلائی سے پیش آئے ، خیر و شر کے معاملے میں خیر کو غالب کرنے میں آگے بڑھے ، غلاموں سے بہتر سلوک کرے ، حاجت مندوں کی مدد کرے ، قرضہ حسنہ دے ، خدمت خلق کے جذبہ سے معمور رہیں ، عفو و درگذر کے طریقے کو اپنائیں ، مظلومین کی مدد کریں ، محرومین و معذورین کی دلجوئی کریں ، بیمار کی تیمار داری کریں ، عہد کی پابندی کریں ، خدا ترسی کی عادت ڈالیں ، خلوص ، صبر و توکل ، تقویٰ و پرہیزگاری ، حقوق کی ادائیگی جیسے بہترین صفات کو اپنائیں ۔ اس کے علاوہ دونوں شہروں کے مختلف مقامات کے سنٹرس میں پروفیسر طیبہ سلطانہ ، ڈاکٹر ذکیہ سلطانہ ، محترمہ سمیہ بیگم ، محترمہ عابدہ بیگم ، محترمہ شمیم فاطمہ ، محترمہ عفرا فاطمہ ، محترمہ جمیلہ بیگم ، محترمہ فرحانہ بیگم ، محترمہ سمیرا بیگم ، محترمہ ماریہ شریف ، محترمہ ماریہ احمدی ، محترمہ سمیہ بیگم ، محترمہ تنویر فاطمہ ، محترمہ بشریٰ ندیم ، محترمہ تسنیم فاطمہ ، محترمہ کبریٰ بانو اور دیگر کارکنات نے مخاطب کیا ۔۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT