Thursday , August 24 2017
Home / اضلاع کی خبریں / بیدر سے عازمین حج کے قافلہ کی روانگی

بیدر سے عازمین حج کے قافلہ کی روانگی

سابق رکن اسمبلی محمد رحیم خاں اور دیگر فرزندان توحید نے وداع کیا
بیدر 6؍ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)آج صبح جامع مسجد بیدر سے ضلع بیدر کے 198 عازمین حج کا قافلہ حج ہاوس نامپلی حیدرآباد کے لیے بخیرو عافیت روانہ ہوا۔ عازمین حج بیت اللہ کے یہ قافلہ کو جناب محمد رحیم خان سابق رکن اسمبلی بیدر و نائب صدر انجمن خدام الحجاج  بیدر نے سبز پرچم لہراکر ہزارو ں فرزندان توحید کی موجودگی میں ودا ع کیا۔ تاریخی جامع مسجد کے صحن کے احاطہ میں صبح کی اولین ساعتو ں سے ہی عازمین جمع ہونے لگے۔ ان عازمین کو وداع کرنے کے لیے رشتہ داروں اور شہریان بیدر جن میں مرد و خواتین کی کثیر تعدادجن میں قابل ذکر جناب محمد نسیم الدین پٹیل سابق صدر ضلع پنچایت بیدر ، ڈاکٹر این  اے قادری منہلی ،محمد عبدالسلیم، محمد اسمٰعیل پٹیل منگلگی ، سید الطاف حسین ، سید منیر الدین احمد ، محمد اختر رحمان‘محمد امین نواز شامل ہیں ،نے تلبیہ ونعرہ تکبیر کے فلک شگاف نعروں کی گونج میں تمام عازمین کو وداع کیا ۔یہ قافلہ کورائل کوٹ فنکشن ہال ظہیرآباد کے  مالک کی جانب سے ضیافت  کااہتمام کیا گیاتھا اور بعد ادائیگی نماز ظہر  ظہیر آباد سے یہ قافلہ روانہ ہوا‘حج ہاوس نامپلی پہونچکر رات 11 بجکر 20منٹ اور صبح 9 بجکر 20منٹ پر شمس آباد ایرپورٹ سے سفر بیت اللہ شریف کے لیے پرواز کریگا۔انجمن خدام الحجاج بیدر کے زیراہتمام تمام عازمین کے لیے ایک عظیم الشان  وداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔تقریب کو جناب محمد رحیم خان سابق رکن اسمبلی بیدر و نائب صدر انجمن خدام الحجاج  بیدر نے مخاطب کرتے ہوئے تمام عازمین حج سے التماس کی کہ وہ بیت اللہ شریف اور روضہاقدسؐ میں ملک وملت کی ترقی خوشحالی ، امن وامان اور ضلع بیدر میں بارش کے لیے خصوصی دعاوں کا اہتمام کریں۔جناب سید منصور احمد قادری انجینئرمعتمد انجمن خدام الحجاج ، محمد ارشاد علی پہلوان اور دیگر نے مخاطب کئے ۔ جناب محمد حبیب الرحمن کی نگرانی میں حسب روایت ایک والینٹر کیمپ قائم کیاگیا تھا ،عازمین حج کی بہتر رہنمائی  کی جارہی تھی ۔ انجمن خدام الحجاج کے نائب صدر جناب محمد رحیم خان کی جانب سے عازمین کی روانگی کے موقع پر حج ہاوس نامپلی اور طیرانگاہ تک مفت بسوں کا انتظام کیاگیا تھا ۔ مسرس سیدصغیرالدین احمد نائب صدر انجمن خدام الحجاج کی نگرانی میں شاہ نذر الحسن قادری ، شفیق احمد کلیم، ڈاکٹر مجاہد مسعود ، جاوید الحق ، ایاز الحق اور دیگر انجمن کے عہدیداران بڑھ چڑھ کر انتظامات میں حصہ لیتے ہوئے دیکھے گئے ۔ جناب عزیز خان معتمد روحی گروپ آف انسٹی ٹیوشنس کی جانب سے عازمین حج کیلئے ٹھنڈے پانی کا انتظام کیاگیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT