Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / بیرون ریاست شہریوں کی چندہ وصولی پر پولیس کی نظر

بیرون ریاست شہریوں کی چندہ وصولی پر پولیس کی نظر

حیدرآباد۔ 8جون(سیاست نیوز) شہر میں ماہ رمضان المبارک کے دوران گھوم کر چندہ وصول کرنے والے بیرون ریاست شہریوں پر محکمہ پولیس کی جانب سے خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے کیونکہ سال گذشتہ بعض افراد کی جانب سے معصوم بچوں کو ساتھ رکھتے ہوئے ان کے ذریعہ چندہ وصول کروانے کی شکایات موصول ہوئی تھیں جس کے سبب پولیس کوحرکت میں آنا پڑا تھا۔محکمہ پولیس کی جانب سے اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ جو بیرون ریاست دینی مدارس کے سفراء ماہ رمضان المبارک کے دوران شہر کا رخ کر رہے ہیں آیا وہ حقیقی مدارس سے تعلق رکھتے ہیں یا نہیں ؟ پولیس عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بعض لوگ عاملین زکواۃ کی طرح گھوم پھر کر زکواۃ جمع کر رہے ہیں لیکن ان کے متعلق شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ وہ مدارس کا حصہ نہیں ہیں بلکہ عوام کو گمراہ کر رہے ہیںاسی لئے ایسے افراد پر خصوصی نظر رکھنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔مساجد کے باہر یا مساجد کے صحن میں معصوم بچو ں کو چادر پکڑواکر ٹھہرانے والوں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی کیونکہ معصوم بچوں سے اس طرح کی خدمات حاصل کی جانا اچھی بات نہیں ہے بلکہ قانونی اعتبار سے بچوں کو چندہ وصولی کے اس عمل میں اس طرح شامل کیا جانا انہیں بھیک مانگنے پر اکسانے کے مترادف ہے۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی علاقوں میں ماہ رمضان المبارک کے دوران ملک کی شمالی ریاستوں کے علاوہ مختلف حصوں سے دینی مدارس کے سفراء و عاملین زکواۃ گھوم کر اپنے مدارس و مساجد کے استحکام کیلئے زکوۃ ‘ چندہ و عطیات وصول کرتے ہیں لیکن ان میں بعض دھوکہ بازوں کی موجودگی نے عوام کو ان کے متعلق متنفر کردیا جس کے سبب ان عاملین و سفراء کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن اس کے باوجو دھوکہ بازوں کی کمی نہیں ہے جو معصوم بچوں کا سہارا لیکر مخیر حضرات کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ڈی سی پی ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنہ نے اپنے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے علاقو ںمیں اس طرح کی سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھیں اور اس طرح کے دھوکہ بازوں کو فوری گرفت میں لیں تاکہ شہریوں کودھوکہ کھانے سے محفوظ رکھا جا سکے۔شہر کی بڑی مساجد کے علاوہ تجارتی سرگرمیوں کے اہم مراکز پر نظر رکھتے ہوئے ایسے افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT