Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / بیرون ملک کروڑہا روپئے محفوظ کرنے والوں کو مرکزی حکومت سے تحفظ

بیرون ملک کروڑہا روپئے محفوظ کرنے والوں کو مرکزی حکومت سے تحفظ

کارپوریٹ شعبوں کے قرضوں کی معافی، عام آدمی پر بوجھ، ایس سدھاکر ریڈی کا الزام
حیدرآباد ۔ 26 اگست (سیاست نیوز) قومی سی پی آئی (کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا) نے بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت کو ہدف ملامت بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مسٹر نریندر مودی کی زیرقیادت مرکزی حکومت بیرونی ممالک میں ہزاروں کروڑ روپئے چھپا رکھنے والے افراد کو مکمل تحفظ فراہم کررہی ہے اور بالخصوص ملک میں کارپوریٹ کمپنیوں کے بھاری رقومات پر مشتمل قرضہ جات معاف کرکے عام آدمی پر زبردست مالی بوجھ عائد کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے قومی جنرل سکریٹری کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) مسٹر ایس سدھاکر ریڈی نے مذکورہ اظہار کیا اور بتایا کہ مرکزی حکومت گذشتہ تین سال کے دوران کوئی ایک عوامی مفاد پر مبنی اقدام نہیں کیا بلکہ جو بھی اقدامات کئے گئے وہ تمام کے تمام عوام مخالف اقدامات ہی کہلائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ نوٹ بندی کے اچانک اور جلد بازی میں کئے گئے اقدام کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات و مسائل سے دوچار ہونا پڑا بلکہ آج تک بھی ملک میں عوام سابق کی طرح عام زندگی بسر نہیں کر پارہے ہیں۔ یہاں تک کہ کرنسی نوٹوں کی تبدیلی کے باعث لاکھوں افراد پرانی نوٹوں کو تبدیل کرنے سے قاصر ہے لیکن آج جب وہ اپنی قدیم کرنسی نوٹوں کو تبدیل کروانے کی کوشش کرنے پر انہیں غیرمجاز طور پر قدیم کرنسی نوٹوں کے رکھنے کا الزام عائد کرکے گرفتار کیا جارہا ہے۔ مسٹر سدھاکر ریڈی نے کل ہریانہ میں پیش آئے پرتشدد واقعات کی سخت مذمت کی اور ان واقعات سے نمٹنے میں حکومت ہریانہ کی ناکامی کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے چیف منسٹر ہریانہ سے فی الفور چیف منسٹر عہدے سے استعفیٰ دینے کا پرزور مطالبہ کیا۔ جنرل سکریٹری سی پی آئی مسٹر سدھاکر ریڈی نے طلاق ثلاثہ کے مسئلہ پر سپریم کورٹ کے دیئے گئے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔

TOPPOPULARRECENT