Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / بیشتر تالاب لبریز ، فاضل پانی کا اخراج

بیشتر تالاب لبریز ، فاضل پانی کا اخراج

تالاب کے پشتوں کو محفوظ بنانے جی ایچ ایم سی و محکمہ آبپاشی کے اقدامات
حیدرآباد۔4اکٹوبر(سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں جاری بارش کے سبب بیشتر تالاب لبریز ہو چکے ہیں اور ان میں فاضل پانی جمع ہونے لگا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود جملہ 185 تالابوں میں 106 تالابوں سے فاضل پانی خارج ہونے لگا ہے اور 54تالاب 75فیصد تک مکمل سیر آب ہو چکے ہیںجبکہ 25تالابوں میں 50فیصد سطح آب مکمل ہوچکی ہے۔ بارلہ کنٹہ‘ گچی باؤلی کے علاوہ ناچارم تالاب کی سطح آب مکمل ہوچکی ہے اور میر عالم تالاب بھی لبریز ہو چکا ہے ۔ ان تالابوں سے فاضل پانی کا اخراج جاری ہے ۔محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے تالابوں میں جہاں فاضل پانی جمع ہونے لگا ہے ان پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر پانی کے اخراج کو ممکن بنایا جا سکے۔ شہر حیدرآباد کے حدود میں حالیہ دنوں میں ہونے والی بارش کے سبب تالابوں کے پشتوں کو محفوظ بنانے کے اقدامات کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے محکمہ آبپاشی سے رابطہ قائم کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لینے کی خواہش کی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید بارش کی صورت میں کسی تالاب کے پشتہ کو نقصان نہ ہو اس کیلئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ میر عالم تالاب لبریز ہونے کے بعد میر عالم کا پانی نہرو زوالوجیکل پارک کے سفاری میں داخل ہوا ہے اسی طرح دیگر تالابوں میں فاضل پانی کے اخراج کے لئے خصوصی انتظامات ناگزیر ہیں کیونکہ ان تالابوں سے خارج ہونے والا پانی تالابوں کے اطراف بسائی جانے والے نوآبادیاتی علاقوں میں داخل ہو سکتا ہے۔ بلدی عہدیداروں کو کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بلدی حدود میں موجود تالابوں کی سطح پر نظر رکھنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

TOPPOPULARRECENT