Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / بیشتر علاقوں میں برقی سربراہی میں خلل

بیشتر علاقوں میں برقی سربراہی میں خلل

حیدرآباد۔ 22 مئی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں شب برأت کے موقع پر بھی برقی سربراہی میں خلل بدستور جاری رہا۔ محکمہ برقی کے عہدیدار ناقص برقی سربراہی کیلئے ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے صارفین پر یہ ذمہ داری عائد کرتے ہوئے فرار اختیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور یہ کہا جارہا ہے کہ اضافی برقی استعمال کے سبب برقی سربراہی میں خلل پیدا ہورہا ہے۔ دونوں شہروں میں ریاستی وقف بورڈ کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شب برأت کے موقع پر قبرستانوں میں خصوصی روشنیاں کی گئی تھیں لیکن شہر کے کئی علاقوں میں تاریکی کا بسیرا رہا۔ بنجارہ ہلز و جوبلی ہلز کے علاوہ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ و یاقوت پورہ کے مختلف محلہ جات میں دن بھر میں زائد از 8 گھنٹے تک برقی سربراہی منقطع رہی۔ بنجارہ ہلز ، قلعہ گولکنڈہ ، صالح نگر ، چھوٹا بازار، راجندر نگر، کشن باغ، عطا پور کے علاوہ بعض علاقوں میں جمعہ کی سہ پہر سے برقی سربراہی منقطع ہے جو بحال نہیں کی گئی۔ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے علاقوں عثمان پورہ، اعظم پورہ، دبیر پورہ میں برقی سربراہی میں خلل کے سبب عوام کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑا۔ یاقوت پورہ کے کئی علاقوں عیدی بازار، رین بازار، سنتوش نگر، ایس آر ٹی کالونی میں بھی شام کے وقت برقی سربراہی منقطع رہی۔
حلقہ اسمبلی بہادر پورہ میں آج برقی عہدیداروں کے دورہ اور بلاوقفہ برقی سربراہی یقینی بنانے کے تیقن کے باوجود شام کے وقت برقی سربراہی میں خلل پڑا جس کی وجہ سے عوام کی عبادتوں کا خشوع و خضوع متاثر ہوا۔

TOPPOPULARRECENT