Saturday , August 19 2017
Home / ہندوستان / بیف کے تنازعہ پر حملہ میں ملوث 2 خواتین گرفتار

بیف کے تنازعہ پر حملہ میں ملوث 2 خواتین گرفتار

نیمچھ (مدھیہ پردیش)۔3 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بیف رکھنے کے شبہ میں منڈسور ریلوے اسٹیشن پر دو مسلم خواتین کی پٹائی میں ملوث 2 خواتین کو آج گرفتار کرلیا گیا جبکہ یہ بھینس کا گوشت ثابت ہونے پر حملہ آوروں کا شبہ غلط نکلا۔ ریلوے کے پولیس سپرنٹنڈنٹ مہیش جین نے بتایا کہ 2 حملہ آور خواتین رجنی تیواری اور منجو گواجر کو ویڈیو فوٹیج کے ذریعہ نشاندہی کے بعد گرفتار کرلیا گیاتاہم ان خواتین کا کسی تنظیم سے تعلق نہیں ہے۔ ٹرین میں سفر کے دوران بیف رکھنے کے الزام میں 26 جولائی کو 2 مسلم خواتین، سلمہ اور شمیم بی کو شدید زدوکوب کیا گیا تھا جس پر بی ایس پی اور کانگریس نے راجیہ سبھا میں زبردست احتجاج کیا تھا حملہ آور خواتین واقعہ کے بعد سے روپوش ہوگئی تھیں پولیس نے ویڈیو فوٹیج کی مدد سے پمفلٹ شائع کرکے تقسیم کئے تھے جس کے بعد ان خواتین کے بارے میں اطلاع ملی ہے۔ تاہم گرفتار خواتین نے یہ دعوی کیا ہے کہ ٹرین میں نشست پر بیٹھنے کے مسئلہ پر مسلم خواتین کے ساتھ جھگڑا کیا۔

 

انڈیگو کے دو طیاروں کا
فضاء میں خوفناک تصادم ٹل گیا
نئی دہلی۔ 3 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ڈھاکہ کے فضائی حدود میں انڈیگو ایرلائینز کے دو طیاروں کے درمیان فضاء میں خوفناک تصادم ٹل گیا جب ایک طیارہ کے پائلٹ نے حاضری دماغی سے کام لیتے ہوئے اپنے طیارے کو تیزی کے ساتھ محفوظ فاصلے تک ہٹا دیا جب یہ دونوں طیارے ایک دوسرے کے بہت قریب پہنچ چکے تھے۔ انڈیگو کے ایک ترجمان نے کہا کہ کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا لیکن چار مسافرین نے اعصابی کمزوری اور پستی کی شکایت کی۔ انہیں اور عملہ کے دو ارکان کو ابتدائی طبی امداد پہنچائی گئی جو دراصل اس واقعہ سے نفسیاتی طور پر خوفزدہ ہوگئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT