Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / بینکوں میں اسلامی ونڈو کی تجویز کا خیر مقدم

بینکوں میں اسلامی ونڈو کی تجویز کا خیر مقدم

آر بی آئی سے عاجلانہ کارروائی کے لئے نمائندگی۔ ایس زیڈ سعید
حیدرآباد 22نومبر (یواین آئی ) آل انڈیا اسمال اسکیل انڈسٹریز مائنارٹیزکمیٹی نے ریزرو بینک کی جانب سے کمرشیل بینکوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے ملک میں اسلامی بینک کاری یا شریعہ بینک سسٹم کو مروج کرنے کی تجویز کا خیر مقدم کیا ہے او رکہا ہے کہ اسلامی ونڈو کھولنے کی ہدایت خوش آئند بات ہے ۔صدر کمیٹی ایس زیڈ سعید نے کہا کہ ان کی کمیٹی نے سابق وزیر اقلیتی امور جناب رحمٰن خان کو ایک تفصیلی میمورنڈم پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ملک میں اسلامی بینکنگ سسٹم شروع کریں’ جس سے کروڑوں مسلمانوں کے علاوہ وہ غیر مسلم افراد بھی جو سودی لین دین میں یقین نہیں رکھتے استفادہ کرسکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جناب رحمان خان نے اس پر مثبت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مناسب کارروائی کا یقین دلایاتھا اور خوشی کی بات ہے کہ انہوں نے یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں بھی اٹھایا تھا ۔ اب ریزرو بینک نے پہل کی ہے اس سلسلہ میں کمرشیل بینکوں کو آگے بڑھتے ہوئے مزید کارروائی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ رقم کی ساجھے داری کی اسا س پر سرمایہ کاری سے ہٹ کر کروڑوں مسلمان یہ چاہتے ہیں کہ بینکوں میں ان کا پیسہ محفوظ رہے اور اس پر ان کو سود ادا نہ کیا جائے ۔ اب بھی ایسے افراد کی کمی نہیں ہے جو بینک سے ادا کیا جانے والا سود وصول نہیں کرتے اور یہ رقم بینکوں میں ہی چھوڑ دیتے ہیں۔ اسلامی بینک شروع کرنے سے وہ رقم بھی بینکوں میں جمع کروائی جائے گی جو سود کے ڈر سے جمع نہیں کروائی جاتی ۔ اسلام میں سود کو حرام قرار دیا گیا ہے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ریزرو بینک اس سلسلہ میں عاجلانہ اقدامات کرے گا ۔ انہوں نے ریزرو بینک آف انڈیا کے ذمہ داروں اور گورنر آر بی آئی کو بھی اس تعلق سے ایک خط روانہ کیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT