Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / بینکوں میں ’’اِسلامی ونڈو ‘‘ روشناس کرنے کی تجویز

بینکوں میں ’’اِسلامی ونڈو ‘‘ روشناس کرنے کی تجویز

ریزرو بینک کی حکومت سے سفارش ، اسلامک بینکنگ نظام پر بتدریج عمل آوری
حیدرآباد۔20نومبر(سیاست نیوز) ہندستان میں اسلامی بینک کاری نظام روشناس کروایا جائے گا۔ ریزرو بینک آف انڈیا نے ملک کے بینک کاری نظام میں ’اسلامی بینکنگ ونڈو‘ کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں وزارت فینانس و حکومت ہند کو سفارش  روانہ کردی گئی ہے۔ مرکزی حکومت اور ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے ملک میں اسلامک بینکنگ نظام روشناس کروانے کیلئے اس کے انتظامی و ترتیب کے امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ آر بی آئی نے قانون حق آگہی کے تحت داخل کردہ ایک درخواست کے جواب میں یہ بات بتائی۔ تفصیلات کے بموجب ریزرو بینک آف انڈیا نے جو لوگ بینک کاری نظام سے سودی معاملات کے سبب دور ہیں انہیں بینکوں سے جوڑ نے کی غرض سے یہ منصوبہ تیار کیا ہے لیکن ابتداء میں اس سلسلہ میں صرف ایسے پراڈکٹس کا آغاز عمل میں لایا جائے گا جن کیلئے بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی ضرورت نہ ہو۔اسلام میں سود حرام ہونے کے سبب ملک کا بڑا طبقہ بینک کاری نظام کا حصہ نہیں ہے اسی لئے اس اسلامک بینکنگ نظام کو روشناس کرواتے ہوئے انہیں بینک سے مربوط کیا جائے گااور ایسی تجارت کا آغاز کیا جائے گا جو شریعت کے مطابق ہو اور بلا سودی ہو۔ آر بی آئی نے اسلامک بینک کاری نظام کے امکانات اور اس کی ترقی پر محکمہ جاتی سفارشات پر مبنی رپورٹ بھی تیار کرلی ہے جو حکومت ہند کو پیش کی جا چکی ہے۔ہندستانی بینکوں کو اسلامک بینکوں کے مکمل قوائد و ضوابط کے متعلق معلومات نہ ہونے کے سبب بتدریج اس نظام کو اختیار کیا جائے گا تاکہ اس نظام کے تکنیکی‘ قانونی اور دیگر امور کا جائزہ لیا جا سکے۔ شریعت کے مطابق بینک کاری نظام میں سودی و بلا سودی مال کو یکجا بھی نہیں کیا جا سکتا اسی لئے قرضہ جات و اثاثہ جات کو علحدہ رکھنے کے متعلق اقدامات بھی ناگزیر ہیں اسی لئے ابتدائی طور پر آر بی آئی نے موجودہ بینکوں میں ’اسلامی ونڈو‘ روشناس کروانے کی تجویز مرکزی حکومت کو روانہ کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آر بی آئی کی اس تجویز کو محکمہ جاتی تائید بھی حاصل ہو رہی ہے کیونکہ اس عمل سے نہ صرف وہ طبقات جو اب تک بینک کاری نظام سے دور تھے انہیں بینکوں سے مربوط ہونے کا موقع میسر آئے گا بلکہ اسلامی ممالک میں موجود سرکردہ کمپنیوں کی ہندستان میں سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کیلئے بھی یہ ضروری ہے کہ ملک میں اسلامی بینک کاری نظام موجود رہے جن کے ذریعہ عام طور پر خلیجی ممالک کے صنعتکار و تجارتی ادارے اپنے کاروبار ی سرگرمیاں انجام دیتے ہیں۔ ریزرو بینک آف انڈیا اس تجویز کے ساتھ وزارت فینانس کو تکنیکی تجزیہ کی رپورٹ بھی روانہ کردی ہے۔

TOPPOPULARRECENT